قومی سلامتی کا مسئلہ مودی حکومت کے لئے اہم نہیں: کانگریس

کانگریس ترجمان نے کہا کہ بی جے پی صدر مسلسل چین کا سفر کرتے رہے ہیں۔ صرف یہی نہیں، جب مودی خود گجرات کے وزیر اعلی تھے، انہوں نے چار بار چین کا دورہ کیا اور جب وہ وزیر اعظم بنے تو پانچ بار چین گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ چین نے ہندوستانی سرحد پر متعد پوائنٹ پر قبضہ کرلیا ہے لیکن مودی سرکار اس بارے میں کچھ بھی بولنے کے لئے تیار نہیں ہے اور اٹھائے جانے والے سوالوں کا جواب نہیں دیتی ہے۔ جس سے واضح ہے کہ حکومت راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کا حوالہ دے کر اس مسئلے سے لوگوں کی توجہ ہٹا رہی ہے کیونکہ اس کے لئے قومی سلامتی کا معاملہ اہم نہیں ہے۔

کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے اتوار کے روز یہاں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ چینی فوجیوں کی دخل اندازی پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ ثابت کردیا کہ چین کا ہندوستانی سرزمین پر قبضہ کرنا اور قومی سلامتی کا معاملہ ان کے لئے اہم نہیں ہے بلکہ ان کیلئے اہمیت اس بات کی ہے کہ ’جومیں نے بولا ہے وہی سچ ہے‘ اور دوسرا اہم مسئلہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کا ہے۔


انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلسل چینی قبضے سے متعلق حقائق کے ساتھ حکومت سے سوالات پوچھ رہی ہے لیکن حکومت اس کا جواب دینے کے لئے تیار نہیں ہے۔ مودی اس بارے میں کچھ کہنے کو تیار نہیں ہیں اور وہ صرف اس بات پر قائم ہیں کہ چین نے ہندوستانی سرزمین پر قبضہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی وہ ہندوستانی سرحد میں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور مودی کا چین کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے۔ بی جے پی صدر مسلسل چین کا سفر کرتے رہے ہیں۔ صرف یہی نہیں، جب مودی خود گجرات کے وزیر اعلی تھے، انہوں نے چار بار چین کا دورہ کیا اور جب وہ وزیر اعظم بنے تو پانچ بار چین گئے۔ اس کے علاوہ، مودی وزیر اعظم بننے کے بعد سے 18 بار چینی قیادت سے مل چکے ہیں اور اب وہ قومی سلامتی کے ساتھ کھیلواڑ کر رہے ہیں اور چینی فوج کے ذریعہ ہندوستانی زمین پر قبضے کے بارے میں کچھ بھی بولنے کو تیار نہیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔