دلتوں کے خلاف منادی معاملے میں قومی درج فہرست ذات کمیشن نے یوپی حکومت کو بھیجا نوٹس

وائرل ویڈیو میں ڈھول بجاتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ راجبیر پردھان کی طرف سے منادی کرائی جا رہی ہے، کوئی بھی درج فہرست ذات کا شخص اس کی ڈول پر، سمادھی پر، ٹیوب ویل پر نظر نہ آئے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے مظفر نگر واقع ایک گاؤں میں سابق پردھان کے ذریعہ دلتوں کے خلاف کھلی منادی کرانے کے معاملے کا قومی درج فہرست ذات کمیشن نے از خود نوٹس لیتے ہوئے یوپی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ کمیشن نے مظفر نگر کے ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی کو 15 دنوں کے اندر کارروائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

منادی معاملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر قومی درج فہرست ذات کمیشن نے توجہ دیتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے۔ دراصل ویڈیو میں ایک نوجوان ڈھول بجاتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ راجبیر پردھان کی طرف سے منادی کرائی جا رہی ہے، کوئی بھی درج فہرست ذات کا شخص اس کی ڈول پر، سمادھی پر، ٹیوب ویل پر نظر نہ آئے۔ اگر کوئی نظر آتا ہے تو اس پر پانچ ہزار روپے کا جرمانہ لگے گا۔ اسی کے ساتھ اسے 50 جوتے بھی لگیں گے۔


اس معاملے پر نوٹس جاری کرنے کی جانکاری دیتے ہوئے قومی درج فہرست ذات کمیشن کے سربراہ وجئے سامپلا نے کہا کہ یہ ایک انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے۔ اتر پردیش پولیس نے ابھی تک کیا کارروائی کی ہے، اتر پردیش ڈی جی پی اور حکومت مکمل جانکاری کمیشن کو جلد بھیجے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ بے حد قابل اعتراض اور ذات پر مبنی منادی مظفر نگر کے پاوٹی خرد کے سابق پردھان راجبیر کے ذریعہ گاؤں میں کرائی گئی تھی۔ راجبیر بدنام زمانہ گینگسٹر رہے وکی تیاگی کے والد ہیں۔ وکی تیاگی کا قتل 2015 میں کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔