آرٹیکل 370 پرفاروق عبداللہ کے بیان کو لے کر ہنگامہ

سمبت پاترا کے بیان کے بعد نیشنل کانفرنس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاروق عبداللہ کے بیان کو توڑ مروڑ کے پیش کیا جا رہا ہے۔

فائل تصویر سوشل میڈیا بشکریہ نیشنل ہیرالڈ 
فائل تصویر سوشل میڈیا بشکریہ نیشنل ہیرالڈ
user

قومی آواز بیورو

نیشنل کانفرنس کے سربراہ فارق عبداللہ کے آرٹیکل 370 پر دئے گئے بیان سے سیاسی گلیاروں میں ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ بی جے پی نے ان کے بیان کو غداری سے تعبیر کیا ہے جبکہ نیشنل کانفرنس نے اپنے صدر کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی فاروق عبد اللہ کے بیان کو پوری طرح توڑ مروڑ کے پیش کر رہی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے کہا ہے کہ’’ ہمارے صدر گزشہ سال پانچ اگست کو آرٹیکل 370 اور 35A کے زیادہ تر ضابطوں کو رد کرنے کے بعد سے لوگوں کے غصہ کو اجاگر کر رہے تھے جو حال کے مہینوں میں وہ لگاتار کر تے رہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ جموںو کشمیر میں کوئی بھی ان تبدیلیوں کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔‘‘


واضح رہے اکنامک ٹائمس میں شائع فاروق عبداللہ کے بیان کے مطابق کشمیری عوام میں ہندوستانی ہونے کا احساس ختم ہو رہا ہے اور وہ اس بات کو ترجیح دیں گے کہ چین ان پر حکومت کرے۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے فاروق عبد اللہ کے اس بیان کو ملک دشمنی سے تعبیر کیا ہے۔ سمبت پاترا کے بیان کے بعد نیشنل کانفرنس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاروق عبداللہ کے بیان کو توڑ مروڑ کے پیش کیا جا رہا ہے۔

بی جے پی نے کل جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹر عبداللہ کا بیان ملک کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ بی جے پی کے ترجمان ڈاکٹر سمبت پاترا نے کل پارٹی کے مرکزی دفتر میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کے ملک مخالف بیان کو لے کر ان پر حملہ کیا اور کہا ہے کہ وہ ملک کو بدنام کرنے اور قوم کے خلاف کام کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا ’’نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر عبداللہ کا بیان ملک دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ڈاکٹر عبد اللہ اپنے انٹرویو میں چین کے توسیع پسندانہ ذہنیت کوصحیح ٹھہراتے ہیں، دوسری جانب وہ ملک مخالف بیان دیتے ہیں کہ اگر ہمیں مستقبل میں موقع ملا تو ہم چین کے ساتھ مل کر آرٹیکل 370 کو واپس لائیں گے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر آج چین جارح ہواہے تو اس کی ایک ہی وجہ ہے کہ دفعہ 370 کو ہندوستان نے ہٹایا۔


بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا یہ بیان نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ افسوسناک بھی ہے۔ ہندوتان ایسی ذہنیت کے حامل لوگوں کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ مسلسل ملک دشمن بیانات دے رہے ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اتوار کو ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ چین کی حمایت سے جموں وکشمیر میں پھر سے دفعہ 370 نافذ کی جائے گی۔

نیشنل کانفرنس نے سمبت پاترا کے بیان کو پوری طرح خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارق عبداللہ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ’’کہ انہیں امید ہے کہ چین کی حمایت سے جموں وکشمیر میں پھر سے دفعہ 370 نافذ کی جائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔