قومی ایوارڈ یافتہ فلم ڈائریکٹر پر آر ایس ایس کارکنان نے کیا حملہ، پھینکا گوبر

پریہ نندن کا الزام ہے کہ آر ایس ایس کارکنان نے ان پر حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ گائے کا گوبر ملا پانی بھی پھینکا۔ پریہ نندن کا کہنا ہے کہ حملہ سبریمالہ معاملہ میں دیے گئے ان کے بیان کی وجہ سے ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

قومی ایوارڈ یافتہ فلم ڈائریکٹر پریہ نندن پر آر ایس ایس کارکنان نے 25 جنوری کی صبح حملہ کیا۔ ان پر یہ حملہ سبریمالہ مندر معاملہ پر سوشل میڈیا میں کیے گئے ان کے پوسٹ کے بعد ہوا ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر چیرپو پولس اسٹیشن کے ایک پولس اہلکار نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔ پولس اہلکار کا کہنا ہے کہ "ان کی پٹائی کی گئی اور ان پر گوبر ملا پانی پھینکا گیا۔ اس پورے واقعہ کی جانچ جاری ہے۔"

اس حملے کے بعد پریہ نندن نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ "ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ شخص (حملہ آور) میرا انتظار کر رہا تھا۔ وہ میرے پیچھے آیا، مجھے مارا، گوبر والا پانی ڈال دیا۔ یہ سب صبح 9 بجے کے قریب ہوا۔" انھوں نے مزید کہا کہ "عام طور پر میں اسی راستے پر روزانہ صبح سات بجے کے آس پاس ٹہلتا ہوں، لیکن آج مجھے تاخیر ہو گئی۔ یہ صرف ایک شخص کا حملہ نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے کئی لوگ ہیں۔"

53 سالہ ڈائریکٹر، جن کی دوسری فلم 'پُلی جنم' کو 2006 میں سب سے بہترین فیچر فلم کا قومی ایوارڈ ملا تھا، ان کا ماننا ہے کہ یہ حملہ سبریمالہ پر ان کے حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے ہوا جہاں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آر ایس ایس والوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ پریہ نندن پر آر ایس ایس کارکنان کے حملے کی کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے سخت الفاظ میں تنقید کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے حملوں کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ اظہارِ رائے کی آزادی پر براہ راست حملہ ہے۔ پینارائی وجین نے مزید کہا کہ "یہ ناپاک عمل صرف اس لیے ہوا کیونکہ انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنی بات رکھی۔ پوسٹ آنے کے فوراً بعد ان کی تنقید ہونے لگی۔ یہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور مناسب کارروائی کی جائے گی۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔