سردار پٹیل اتحاد و یکجہتی کی نشانی تھے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 142ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم، صدر جمہوریہ ہند، راہل گاندھی سمیت کئی اہم لیڈروں نے انھیں خراج عقیدت پیش کی۔ ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی پیدائش 31 اکتوبر 1875 کو گجرات کے ایک چھوٹے سے گاؤں نڈیاد میں ہوئی تھی۔ انھیں ملک کے سب سے بڑے شہری اعزازیعنی ’بھارت رتن‘ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دھیان چند اسٹیڈیم میں پٹیل کی جینتی پر ’رَن فور یونیٹی‘ کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان مختلف تہذیب و ثقافت سے بھرا ہوا ملک ہے۔ ایکتا میں انیکتا ہماری خاصیت ہے۔‘‘ مودی نے پٹیل کے تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’سردار پٹیل نے اپنی مہارت اور عزم کا استعمال کر کے ملک تقسیم کے بعد پیدا شدہ مسائل سے ملک کو بچایا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل نے یقینی بنایا کہ ہندوستان چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم ہو کر نہ رہ جائے۔‘‘

صدر جمہوریۂ ہند رام ناتھ کووند اور نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے بھی سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کی۔ کووند اور نائیڈو نے نئی دہلی میں پٹیل چوک پر سردار پٹیل کے مجسمہ پر گلپوشی کی اور ملک کے تئیں ان قربانیوں کو یاد کیا۔

کانگریس نے بھی سردار ولبھ بھائی پٹیل کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس موقع پر کہا کہ ’’ہم آئرن مین سردار پٹیل کی کاوشوں کو فراموش نہیں کر سکتے۔ ان کی انتھک کوششوں نے آزادی کے بعد بھی ملک کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔‘‘ کانگریس نے ٹوئٹر پر پٹیل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے پیغامات کو بھی یاد کیا۔ ٹوئٹ پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کا یہ جملہ بھی پوسٹ کیا گیا ’’آر ایس ایس لیڈروں کی تقریریں زہریلی ہوتی ہیں۔ یہ ان کے زہر کا ہی نتیجہ تھا کہ مہاتما گاندھی کا قتل کر دیا گیا۔‘‘

کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’’وہ اتحاد اور طاقت کی نشانی تھے۔ سردار پٹیل ہندوستان کے آئیڈیا کے معمار تھے۔ ان کے یوم پیدائش پر میری جانب سے خراج عقیدت۔‘‘

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔