چندریان-2: NASA نے ISRO سے ملایا ہاتھ، مل کر کریں گے لینڈر ’وکرم‘ کی تلاش
لینڈر ’وکرم‘ سےر ابطہ قائم کرنے کے لیے ہندوستانی خلائی ایجنسی اِسرو ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اور اب ناسا نے بھی اس کوشش میں اِسرو کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔
چندریان-2 مشن کے دوران لینڈر ’وکرم‘ کی سافٹ لینڈنگ میں کامیابی نہیں ملنے اور ہندوستانی خلائی ایجنسی اِسرو کا وکرم سے رابطہ منقطع ہو جانے کے باوجود اِسرو لگاتار کوشش کر رہا ہے کہ ایک بار پھر لینڈر سے رابطہ قائم ہو جائے۔ حالانکہ گزشتہ تین دنوں سے جاری اس کوشش میں ابھی تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے لیکن اِسرو کے سائنسداں اس بات سے پرجوش ہیں کہ اب دنیا کی سب سے بڑی خلائی ایجنسی ناسا بھی اس مہم میں مدد کے لیے تیار ہے۔ انگریزی اخبار ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق لینڈر ’وکرم‘ کو ناسا نے پیغام بھیجا ہے اور اس سے رابطہ کی کوششیں مزید تیز ہو گئی ہیں۔
خبروں کے مطابق لینڈر وکرم سے رابطہ کرنے کے لیے ناسا نے کوششیں شروع کر دی ہیں اور اس عالمی خلائی ایجنسی کی ’جیٹ پراپلشن لیباریٹری‘ نے لینڈر وکرم کے پاس ریڈیو فریکوئنسی بھیجی ہے۔ ڈیپ اسپیس نیٹورک کے ذریعہ ناسا اس کام کو انجام دے رہا ہے۔ ناسا لینڈر وکرم سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس بات کی تصدیق امریکہ کے ایک اسٹروناٹ اسکاٹ ٹیلے نے بھی کی ہے۔ اسٹروناٹ اسکاٹ ٹیلے کے مطابق ناسا نے کیلیفورنیا کے ڈی ایس این اسٹیشن سے لینڈر وکرم کو ریڈیو فریکوئنسی بھیجی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے سگنل کو ریکارڈ کر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ لینڈر وکرم سے رابطہ قائم کرنے میں مصروف ناسا ہندوستان کے مشن چندریان-2 کی تعریف کر چکا ہے۔ ناسا نے ٹوئٹ کر کہا تھا کہ ’’خلائی تحقیق بے حد مشکل کام ہے۔ ہم چاند کے جنوبی قطب پر اِسرو کے چندریان-2 مشن کو اتارنے کی کوشش کی تعریف کرتے ہیں۔‘‘
ہفتہ کے روز اِسرو سے لینڈر وکرم کا اس وقت رابطہ ٹوٹ گیا تھا جب یہ خلائی ادارہ چاند پر اس کی سافٹ لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا۔ لینڈر وکرم سے رابطہ ٹوٹے 6 دن گزر چکے ہیں۔ سب سے بڑی پریشانی کی بات یہ ہے کہ سائنسدانوں کے پاس لینڈر وکرم سے رابطہ قائم کرنے کے لیے صرف 9 دن کا وقت بچا ہے، کیونکہ 9 دن بعد ’لونر نائٹ‘ یعنی چاند پر رات کی شروعات ہو جائے گی۔ ایسے میں چاند پر حالات بدل جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔