وزیر اعظم کا قوم سے خطاب: کشمیریوں کا دل جیتنے کی کوشش، کیا کامیاب ہوں گے!

مودی نے جمعرات کی رات قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ جموں وکشمیر میں صدر راج کے بعد ریاست میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئی ہے اور بدعنوانی پر لگام لگی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مودی نے جمعرات کی رات قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ جموں وکشمیر میں صدر راج کے بعد ریاست میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئی ہے اور بدعنوانی پر لگام لگی ہے۔ جموں و کشمیر کے حوالہ سے اہم فیصلہ لینے اور اس کو دو مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں تبدیل کرنے کے بعد وزیر اعظم پہلی مرتبہ قوم سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ جموں وکشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ والے آرٹیکل 370 ختم کرکے ریاست کی دو مرکز کے زیرانتظام ریاستوں میں تقسیم کے بعد کچھ وقت تک وہاں براہ راست مرکز کی حکومت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ لداخ تو مرکز کے زیرانتظام علاقہ رہے گا لیکن جموں وکشمیر میں یہ نظام نہیں رہے گا اور اسے مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے وہاں کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ انہیں کسی طرح سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ان کے درمیان سے اراکین اسمبلی منتخب ہوں گے اور آپ کی اپنی اسمبلی ہوگی۔


نریندر مودی نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی وجہ سے لوگوں کا کتنا نقصان ہوتا تھا، اس پر کہیں بات نہیں ہوتھی تھی۔ اس کی وجہ سے دہشت گردی، علاحدگی پسندی اور کنبہ پروری پنپ رہی تھی اور پورا نظام بدعنوانی کی زد میں تھا۔ اس آرٹیکل کی وجہ سے پاکستان لوگوں کے جذبات بھڑکا رہا تھا اور اس آرٹیکل کا استعمال اپنا مقصد پورا کرنے کے لئے ہتھیار کے طورپر ہورہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو قدم اٹھائے ہیں ان کی وجہ سے وہاں کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ لداخ میں ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔ لداخ کی چوطرفہ ترقی ہوگی۔ پورے جموں وکشمیر اور لداخ علاقہ میں نئے دور کی شروعات ہوگی۔ اس ریاست کو آرًٹیکل 370سے آزاد کرنے کا پورے ملک نے تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ دہائیوں کی کنبہ پروری سے جموں وکشمیر کو آزادی ملے گی اور وہاں کے نوجوانوں کو نئے نظام میں قیادت کرنے کا موقع ملے گا۔


وزیراعظم نے کہاکہ کوئی تصور نہیں کرسکتا تھا کہ آرٹیکل 370کی وجہ سے ملک کی پارلیمنٹ میں بننے والے قوانین کو جموں وکشمیر میں نافذ نہیں کیا جاسکتا تھا۔ پارلیمنٹ میں جو قانون پورے ملک کی آبادی کے لئے بنتے تھے ان قوانین کو آرٹیکل کی وجہ سے جموں وکشمیر میں نافذ نہیں کیا جاسکتا تھا۔ جموں وکشمیر کے ڈیڑھ کروڑ لوگ اس قانون سے محروم رہ جاتے تھے۔

قوم سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیری عوام کے دل جیتنے کی بھر پور کوشش کی ہے، وہ اپنی اس کوشش میں کہاں تک کامیاب ہو پائیں گے یہ تو آنے والا وقت ہی بتا پائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2019, 9:10 PM