’نریندر مودی دو ہندوستان بنا رہے، جہاں انصاف بھی دولت کا محتاج ہے‘، پونے کار حادثہ پر راہل گاندھی کا تلخ تبصرہ
راہل گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی سے پوچھا گیا کہ دو ہندوستان بن رہے ہیں، ایک ارب پتیوں کا اور دوسرا غریبوں کا، ان کا جواب ہے کہ کیا میں سب کو غریب بنا دوں۔
پونے میں مہنگی بیرون ملکی کار سے ہوئے سڑک حادثے کا تذکرہ کرتے ہوئے منگل کی شام راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ کانگریس کے ایکس ہینڈل پر شیئر اس ویڈیو میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بس ڈرائیور، ٹرک ڈرائیور، اولا، اوبیر، آٹو ڈرائیور اگر غلطی سے کسی کو مار دیتے ہیں تو 10 سال جیل کی سزا ہو جاتی ہے وار چابی اٹھا کر وہ پھینک دیتے ہیں۔ اگر امیر گھر کا 16 سال کا، 17 سال کا بیٹا پورش گاڑی کو شراب پی کر چلاتا ہے اور دو لوگوں کا قتل کرتا ہے تو اسے کہا جاتا ہے کہ مضمون لکھ دو۔ ٹرک ڈرائیور، بس ڈرائیور سے مضمون کیوں نہیں لکھواتے۔ اوبیر ڈرائیور، آٹو ڈرائیور سے کیوں نہیں لکھواتے۔‘‘
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ نریندر مودی سے جب یہ سوال کیا گیا کہ دو ہندوستان بن رہے ہیں، ایک ارب پتیوں کا اور دوسرا غریبوں کا، تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ کیا میں سب کو غریب بنا دوں۔ سوال یہ نہیں ہے، سوال انصاف کا ہے۔ امیروں کو، غریبوں کو، دونوں کو انصاف ملنا چاہیے۔ انصاف سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ اس لیے ہم لڑ رہے ہیں، ہم ناانصافی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر کے پونے میں ایک نابالغ نے شراب پی کر اپنی پورش کار سے دو آئی ٹی انجینئرس (ایک مرد اور ایک خاتون) کو کچل دیا۔ حادثہ اتنا سنگین تھا کہ دونوں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔ راہل گاندھی نے منگل کی شام اسی حادثہ کا ذکر کرتے ہوئے مذکورہ بالا باتیں کہیں۔ پونے پولیس نے نابالغ کے والد کو اس معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جس پَب میں نابالغ نے شراب پی تھی، اس کے مالک اور منیجر بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ حالانکہ ملزم نابالغ کو عدالت نے حادثہ کے تعلق سے مضمون لکھنے سمیت کچھ دیگر شرائط پر ضمانت دے دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔