نریندر مودی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیں، کانگریس کا مطالبہ

لوک سبھا انتخاب میں پی ایم مودی کے نام پر بی جے پی کو اب واضح اکثریت بھی نہیں مل پا رہی ہے، ایسے میں انہیں اپنا نام اب وزیر اعظم کے عہدے کی دعویداری سے ہٹا لینا چاہئے۔

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش /&nbsp;&nbsp;INCIndia@</p></div>

جے رام رمیش /INCIndia@

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخابات 2024 کے رجحانات کے پیشِ نظر کانگریس نے پی ایم مودی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے منگل (4 جون) کو کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے اب تک کے رجحانات سے یہ واضح ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی اخلاقی شکست ہونے جا رہی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’اکیس‘ پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تمام 543 سیٹوں کے رجحانات آ چکے ہیں۔ دو چیزیں بالکل واضح ہیں۔ پہلی یہ کہ یہ نریندر مودی کے لیے ایک چونکا دینے والی سیاسی اور فیصلہ کن اخلاقی شکست ہوگی۔ دوسری یہ کہ انہوں (مودی) نے جس طرح سے ایگزٹ پولس کو ’مینج‘ کرایا تھا، اس سے وہ بے نقاب ہو گئے ہیں۔ایگزٹ پول کے اعداد وشمار پوری طرح بناوٹی تھے۔

جبکہ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے پی ایم مودی پر زبردست حملہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں پی ایم مودی کو مشورہ دیا ہے کہ انہیں وزیر اعظم کے عہدے کی امیدواری سے اب اپنا نام واپس لے لینا چاہئے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ پی ایم مودی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کو مکمل طور پر خود پر مرکوز کیا۔ مہم میں مودی کی گارنٹی، پھر سے مودی سرکار جیسے جملے بی جے پی لفظ سے زیادہ سنائی اور دکھائی دیئے۔ یہاں تک کہ پارلیمانی امیدواروں کو بائی پاس کرتے ہوئے پورا انتخاب مودی کی گارنٹی کے نام پر چلا۔


اشوک گہلوت نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ انتخابات میں مہنگائی، بے روزگاری، سماج میں بڑھتے ہوئے تناؤ جیسے مسائل ثانوی حیثیت اختیار کر گئے اور صرف مودی-مودی ہی سنائی دینے لگے۔ پی ایم نے اپنی قیادت میں پارلیمنٹ میں بی جے پی کی 370 اور این ڈی اے کی 400 سیٹیں پار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ نہ تو بی جے پی کو 370 سیٹیں ملیں گی اور نہ ہی این ڈی اے کو 400 سیٹیں ملیں گی۔ بی جے پی پی ایم مودی کے نام پر بھی واضح اکثریت حاصل نہیں کر پا رہی ہے۔ ایسے میں نریندر مودی کو اب پی ایم کے عہدے کی امیدواری سے اپنا نام واپس لے لینا چاہیے۔

اب تک سامنے آنے والے رجحانات کے پیشِ نظر کانگریس کے لیڈر سلمان خورشید نے کہا ہے کہ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ ہم جیت گئے، میں یہ بھی نہیں کہہ رہا ہوں کہ وہ ہار گئے ہیں لیکن یہ زمینی حقائق کے بارے میں ایک واضح پیغام ہے۔ جبکہ شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے کہا ہے کہ انڈیا الائنس نے ایگزٹ پول کے ذریعے دیئے گئے اعداد وشمار کو پار کر لیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد 295 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔