جگنیش کا مودی پر ایک اور طنز، بتایا بہترین اداکار

وزیر اعظم جب گجرات کے وزیر اعلیٰ ہوا کرتے تھے تب انھوں نے ’کرم یوگی‘ کتاب لکھی تھی۔ اس میں انھوں نے لکھا تھا کہ صفائی ملازمین کو صفائی کرنے میں روحانیت کا احساس ہوتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

گجرات کے دلت لیڈر جگنیش میوانی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنا نشانہ بنایا ہے۔ اس بار انھوں نے نریندر مودی کا ایک پرانا ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ ’’ناستریدمس نے پیشین گوئی کی تھی کہ ہندوستان سے سب سے بہترین اداکار پیدا ہوگا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ میوانی نے جو ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے اس میں وزیر اعظم مودی دلتوں کے خلاف ہوئے تشدد کے واقعات پر افسوس ظاہر کر رہے ہیں۔ اس ٹوئٹ کو پونے کے کوریگاؤں-بھیما علاقے میں پیدا تشدد سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔

اس سے قبل جگنیش میوانی نے 31 دسمبر کو بھیما-کوریگاؤں میں دی گئی اپنی تقریر میں بھی وزیر اعظم مودی پر تلخ حملے کیے تھے۔ جگنیش نے کہا تھا کہ ’’گجرات کے بعد پورے ملک میں ہم 56 انچ سینے کو پھاڑ کر رکھ دیں گے۔ اس وقت ملک کے وزیر اعظم جب گجرات کے وزیر اعلیٰ ہوا کرتے تھے تب انھوں نے ’کرم یوگی‘ کتاب لکھی تھی۔ اس میں انھوں نے لکھا تھا کہ صفائی ملازمین کو صفائی کرنے میں روحانیت کا احساس ہوتا ہے۔ یہی ’نو پیشوائی‘ ہے۔ میں وزیر اعظم جی کو چیلنج پیش کرتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اور دلتوں کے ساتھ ایک دن گٹر میں اتریں اور ’نو پیشوائی‘ کا مزہ لیں۔ اس سے انھیں پتہ چلے گا کہ ’نو پیشوائی‘ کیا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ مہاراشٹر حکومت نے بھیما-کوریگاؤں جنگ کی سالگرہ پر ہوئے تشدد کے معاملے میں جگنیش میوانی اور جے این یو لیڈر عمر خالد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ جگنیش اور عمر کے خلاف 31 دسمبر کو یہاں ایک تقریب میں اشتعال انگیز تقریر کر نےکے معاملے پر ایک شکایت ملی تھی جس کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jan 2018, 4:02 PM