امت شاہ کو وزارت داخلہ، راج ناتھ کو وزارت دفاع، نرملا کو وزارت خزانہ

مودی نے اپنی نئی کابینہ کے اراکین کا اعلان کردیا، جس میں اپنے بھروسے مند بی جے پی کے صدر امت شاہ کو نیا وزیر داخلہ اور گزشتہ حکومت میں وزیر داخلہ رہے راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع بنایا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے اپنی نئی کابینہ کے اراکین کے محکموں کی آج اعلان کردیا،جس میں اپنے بھروسے مند بھارتیہ جنتا پارتی کے صدر امت شاہ کو ایک نیا وزیر داخلہ اور گزشتہ حکومت میں وزیر داخلہ رہے راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع بنایاگیا ہے۔

آج دوپہر اعلان کردہ نئے وزرا میں سابق وزیر دفاع نرملا سیتارمن کو ارون جیٹلی کی جگہ وزیر خزانہ کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔جیٹلی نے خراب صحت کی وجہ سے وزیر بننےسے انکار کردیا تھا۔ سشما سوراج کی جگہ سابق خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر کو نیا وزیر خارجہ بنایا گیا ہے۔ سوراج بھی خراب صحت کی وجہ سے اس بار انتخابات میں کھڑی نہیں ہوئی تھیں۔گزشتہ حکومت میں دیہی ترقی کے وزیر رہے نریندر سنگھ تومر کو پرانے محکمے کے ساتھ وزارت زراعت کی بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔


اتراکھنڈ کے سابق وزیرالعی رمیش پوکھریال نشنک کو انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت ، پیوش گوئل کو ریلوے،کامرس اور صنعت، نتن گڈکری کو شاہراہ ،ٹرانسپورٹ اور جہاز رانی محکمے کے ساتھ درمیانی ،چھوٹی اور سب سے چھوٹی صنعتوں (ایم ایس ایم ای)، دھرمیندر پردھان کو پٹرولیم اور اسٹیل اور روی شنکر پرساد کو اطلاعات و نشریات اور وزارت قانون کا کام کاج سونپا گیا ہے۔

وزیراعظم نریندرمودی نےعملے، عوام کی شکایت اور پینشن، نیوکلائی توانائی، خلائی محکمے، اہم پالیسی ساز مسئلے اور ایسے سبھی محکمے اپنے پاس رکھے ہیں جو کسی کو الاٹ نہیں کئے گئے ہیں۔

سمریتی ایرانی کو ان کے پرانے محکمے کپڑے کی وزارت کے ساتھ ساتھ خواتین و اطفال کی فلاح و بہبود کی وزارت، مہیندر ناتھ پانڈے کو مہارت کی ترقی کی وزارت اور پرہلاد جوشی کو پارلیمانی امور اور کوئلہ اور کان کی وزارت کا وزیر بنایا گیا ہے۔


رام ولاس پاسوان کو محکمے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور وہ پہلے کی طرح خوراک کی فراہمی اور صارفین امور کے وزیر بنے رہیں گے۔اسی طرح سے ہرسمرت کور بادل بھی پہلے کی طرح فوڈ پروسیسنگ کی صنعت کی وزارت اور مختار عباس نقوی اقلیتی امور کےوزیر بنے رہیں گے۔

تھاور چندر گہلوت کو سماجی انصاف اور تفویض اختیارات اور ارجن منڈا کو قبائلی فلاح وبہبود کی وزارت میں وزیر بنایاگیا ہے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن کو صحت ،خاندانی بہبود، سائنس ٹیکنولوجی اور ارضیاتی سائنس کو وزیر بنایاگیا ہے اور ڈی وی سدانند گوڑا کیمیکل اور فرٹیلائزر کے وزیر بنے رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 May 2019, 2:10 PM