پڈوچیری میں ’صدر راج‘ کا نفاذ جمہوریت کا قتل، عوام بی جے پی کو سکھائے گی سبق: نارائن سامی
سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر وی. نارائن سامی نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے نامزد اراکین اسمبلی کا استعمال جمہوری طور پر منتخب حکومت کو گرانے کے لیے کیا۔
پڈوچیری کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر وی. نارائن سامی نے بدھ کے روز مرکز کے ماتحت اس علاقہ میں صدر راج نافذ کرنے کی خبر پر ناراضگی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’پڈوچیری میں صدر راج نافذ کرنا جمہوریت کا قتل ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ مرکزی کابینہ نے بدھ کو لیفٹیننٹ گورنر کی سفارش پر پڈوچیری اسمبلی کو تحلیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
اس تعلق سے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر نارائن سامی نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے نامزد اراکین اسمبلی کا استعمال پڈوچیری کی منتخب حکومت کو گرانے کے لیے کیا اور پڈوچیری کی عوام آئندہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کو سبق سکھائے گی۔ نارائن سامی نے بی جے پی پر جمہوریت کے قتل کا الزام عائد کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جنوبی ہند میں کانگریس کی واحد حکومت گر گئی۔ نارائن سامی اور ان کے اراکین اسمبلی کے ذریعہ واک آؤٹ کے بعد اسپیکر وی پی شیوکوجھنڈو نے اعلان کیا تھا کہ حکومت اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکی ہے۔ اس کے بعد پیر کے روز وزیر اعلیٰ وی. نارائن سامی نے لیفٹیننٹ گورنر ٹی. سوندراجن کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔