نانا پٹولے نے کسانوں کی دیوالی تاریک کرنے والی حکومت کی مذمت کی

بی جے پی حکومت نے کسانوں کو بے سہارا چھوڑدیا ہے، زرعی پیداوار کی قیمت نہیں مل رہی، دھان سمیت دیگر زرعی اجناس کی خریداری کے مراکز تاحال شروع نہیں ہو سکے ۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کسان مخالف ہے جس کا ثبوت آج بھی سامنے آ رہا ہے۔ ایسی صورت میں جب ریاست کے کئی حصے خشک سالی کے شکار ہیں، بی جے پی حکومت صرف حکمراں طبقے کے ممبرانِ اسمبلی کے حلقہ جات کے40تعلقوں میں ہی خشک سالی کا اعلان کیا ہے۔ ریاست میں کسانوں کی خودکشی میں اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔حکومت کو کسانوں کی مشکلات نظر نہیں آرہی ہے اس لیے ریاست کی اندھی،گونگی وبہری بی جے پی حکومت کی اقتدار والی حکومت کے خلاف کانگریس پارٹی نے جن آکروش مورچہ نکالتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کہی ہیں۔

اس ضمن میں مزید تفصیلات دیتے ہوئے ناناپٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں کو بے سہارا چھوڑدیا ہے۔ زرعی پیداوار کی قیمت نہیں مل رہی، دھان سمیت دیگر زرعی اجناس کی خریداری کے مراکز تاحال شروع نہیں ہو سکے ہیں۔حکومت کے وزیر چھگن بھجبل، وجئے گاوت اور باباآترام کے ساتھ خریداری مراکز شروع کرنے سے متعلق ممبئی میں ایک میٹنگ ہوئی جس کے بعد یہ اعلان ہواکہ خریدرای مراکز جلد شروع کیے جائیں گے، لیکن ابھی تک خریداری کے مراکز شروع نہیں ہوئے ہیں۔ ناناپٹولے نے سوال کیا کہ کیامٹھی بھر تاجروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہی تو خریداری کے یہ مراکز شروع نہیں کیے جارہے ہیں؟ وزیراعظم چھتیس گڑھ میں اعلان کرتے ہیں کہ چاول کو 31سوروپئے ضمانتی قیمت دی جائے گی پھر مہاراشٹر سمیت دیگر ریاستوں کے کسانوں کو 31سوروپئے کی ضمانتی قیمت کیوں نہیں دی جاتی ہے،انہیں 24سوروپئے کی قیمت ہی کیوں دی جاتی ہے؟ کسانوں کے مختلف مطالبات اور حکومت کی کسان مخالف موقف کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے بھنڈارا ضلع سمیت ریاست کے تمام اضلاع اور تعلقہ میں آکروش مورچہ نکالاگیا۔


ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت مجرموں اور مافیا کو تحفظ دینے والی حکومت ہے۔ اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ڈرگ مافیا للت پاٹل کو پونے کے سسون ہسپتال میں فائیو اسٹار سہولیات دی گئیں، اسے اپنی گرل فرینڈ سے ملنے اور بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی۔ایسا نہیں ہے کہ پیسوں کے عوض مجرموں کو سہولیات فراہم کرنے کا معاملہ صرف یروڈا جیل میں ہی ہوتا ہے، بلکہ ریاست کی دیگر جیلوں میں بھی فائیواسٹار سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ناناپٹولے نے مطالبہ کیا کہ ڈرگ مافیا للت پاٹل جیسے اورکتنے لوگوں کو جیل کی سزا کے دوران فائیواسٹارسہولیات فراہم کی گئیں؟ اس کی کسی موجودہ جج کے ذریعے تحقیق کرائی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔