ناگپور: پی ایم او، اعلیٰ افسران کو قابل اعتراض ای میل کرنے والا گرفتار، فلائٹ و ٹرین کو اڑانے کی بھی دی تھی دھمکی
جنوری سے جگدیش اُئیکے پی ایم او اور دیگر افسران کو 100 سے زیادہ ای میل کرکے دھمکی دے چکا ہے۔ ملزم نے دہشت گردی کو لے کر ایک کتاب بھی لکھی ہے جس کا عنوان 'آتنک واد-ایک طوفانی راکشس' ہے۔
گزشتہ کچھ مہینوں سے ایئر لائنس، ہوٹلوں اور سرکاری اداروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے کئی معاملے سامنے آئے ہیں۔ دھمکیوں کا یہ سلسلہ حکومت اور پولیس کے لیے تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ لوگوں کو بھی اس سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خاص طور پر طیاروں میں سفرکرنے والوں کو ایسے معاملوں میں کافی دقتیں اٹھانی پڑتی ہیں۔
اب اس معاملے میں ناگپور پولیس کو ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ یہاں 35 سال کے ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر 354 سے زیادہ دھمکی والے ای میل کرنے کا الزام ہے۔ ملزم کا نام جگدیش اُئیکے بتایا گیا ہے۔ جانکاری کے مطابق اس نے وزیر اعظم دفتر، اعلیٰ افسران اور فلائٹ و ٹرین کو اڑانے کی دھمکی دی تھی۔
جنوری سے ملزم جگدیش اُئیکے پی ایم او اور دیگر افسران کو 100 سے زیادہ ای میل کرکے دھمکی دے چکا ہے۔ اس سلسلے میں ناگپور کے ڈی سی پی سائبر کرائم لوہت ماتانی نے حیران کرنے والی بات بتائی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملزم نے دہشت گردی کو لے کر ایک کتاب لکھی ہے جس کا عنوان 'آتنک واد-ایک طوفانی راکشس' ہے۔ وہ اس کتاب کی اشاعت کروانا چاہتا ہے۔ پہلے وہ کتاب اشاعت کروانے کے لیے الگ الگ مقامات پر ای میل کرتا تھا، اس کے بعد اس نے دھمکی دینا شروع کر دیا۔
ایک پولیس افسر کے مطابق اُئیکے کی کتاب دہشت گردی کی تھیوری کا ایک کمپائیلیشن ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس شخص سے پہلے بھی ایک بار پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔ وہ پی ایم او کو پہلے بھی قابل اعتراض ای میل بھیج چکا ہے۔ حالانکہ اس وقت اس کے خلاف کوئی معاملہ درج نہیں کیا گیا تھا۔ حال ہی میں اُئیکے نے ہندوستان میں سلیپر سیل ایکٹیو ہونے کی وارننگ والا ای میل کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اُئیکے کی ڈیجیٹل ایکٹیویٹی اور کمیونکیشن پیٹرن کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ یہ پتہ لگانے کی کوشش ہو رہی ہے کہ کہیں اس کا تعلق غیر ملکی کسی تنظیم سے تو نہیں ہے۔ پولیس ملزم کے ڈیوائسز، لیپ ٹاپ، فون اور کال ریکارڈ کو بھی کھنگال رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اُئیکے کے جی میل اکاؤنٹ کے سینٹ فولڈر میں 354 میل ملے ہیں۔ حال ہی میں اس نے دیویندر فڑنویس کو بھی ای میل کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسے ایک خفیہ ٹیرر کوڈ کے بارے میں پتہ ہے۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل بھی اس جانچ میں شامل ہوگئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔