جج لویا معاملہ سے جڑے وکیل ستیش ناگپور میں گرفتار، سازش کا اندیشہ

ستیش کے بھائی پردیپ کا کہنا ہے کہ انھیں اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ لگاتار دیویندر فڑنویس کو گھیرے میں لے رہے تھے اور جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ حکومت کے اشارے پر ہی ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

وشو دیپک

جج لویا کیس میں اہم گواہ رہے وکیل اور سماجی کارکن ستیش یو کے کو آج صبح ان کی رہائش سے ناگپور کرائم برانچ نے گرفتار کر لیا۔ کرائم برانچ کی ٹیم کے ساتھ آئے پولس اہلکار نے ستیش کے گھر والوں کو بتایا کہ کچھ سال قبل کے کسی ملکیت تنازعہ سے متعلق انھیں پوچھ تاچھ کے لیے لے جایا جا رہا ہے۔ لیکن ان کے بھائی پردیپ کا کہنا ہے کہ انھیں اس گرفتاری میں سازش کی بو آ رہی ہے کیونکہ ستیش جج لویا معاملہ سمیت کئی دیگر معاملوں میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے خلاف مشکلیں کھڑی کر رہے تھے۔

ستیش کے بھائی پردیپ نے ’قومی آواز‘ کو بتایا کہ انھیں اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ لگاتار دیویندر فڑنویس کو گھیرے میں لے رہے تھے اور جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ حکومت کے اشارے پر ہی ہوا ہے۔ پردیپ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ جج لویا کی طرح ستیش کا بھی قتل کیا جا سکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ایک بار ستیش پر قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے جب وہ اپنے دفتر میں بیٹھے ہوئے تھے اور ان کے اوپر ایک لوہے کا گرڈر گر گیا تھا۔ اتفاق سے اس وقت وہ سیٹ سے ہٹ گئے تھے۔

ستیش کے ساتھ سازش کا اندیشہ اس لیے بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ لویا معاملے میں سامنے آئے نئے ثبوتوں کے پیش نظر انھوں نے لویا کے گھر والوں کو معاوضہ دینے سے متعلق ایک عرضی بمبئی ہائی کورٹ میں داخل کی ہے اور ساتھ ہی اجازت کے لیے ناگپور برانچ میں بھی انھوں نے ایک درخواست دی ہے۔ یہ سبھی معاملے ریاستی حکومت، بی جے پی قومی صدر امت شاہ سے منسلک ہیں۔ لہٰذا ایسا مانا جا رہا ہے کہ پولس حکومت کے اشارے پر ستیش کو پریشان کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔