یو پی میں کانگریس حکومت تشکیل دینا ہمارا ہدف، ہم چین سے بیٹھنے والے نہیں: راہل

کانگریس صدر نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’میں نے پرینکا اور جیوترادتیہ کو یو پی کا جنرل سکریٹری بنایا اور ان سے کہا ہے کہ یہاں لوگوں پر جو ظلم ہوا ہے انھیں انصاف دلانے کے لیے کام کریں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر راہل گاندھی نے لکھنؤ میں کانگریس کی ریلی کے درمیان اتر پردیش میں کانگریس حکومت تشکیل دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ جنرل سکریٹری بنائے جانے کے بعد پیر کے روز پرینکا گاندھی کی ریلی میں جمع زبردست بھیڑ سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ہماری نظر لوک سبھا الیکشن ہی نہیں، اس کے بعد یو پی اسمبلی الیکشن پر ہے۔ ہم ریاست میں کانگریس کی حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں کیونکہ یہاں کے لوگوں نے بہت ظلم برداشت کر لیا ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اس موقع پر پی ایم نریندر مودی کو زبردست طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا اور لوگوں سے کہا کہ ’’ملک کے چوکیدار نے یو پی کے لوگوں کا پیسہ چرایا اور اپنے دوست انل امبانی کے حوالے کر دیا۔ ہم ایسے لوگوں کو حکومت سے بے دخل کر دیں گے۔ ہم ان کے خلاف فرنٹ فُٹ پر کھیلیں گے۔ ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔‘‘ اتر پردیش کے تعلق سے بولتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ ملک کا اگر کوئی سنٹر، کوئی دِل ہے تو وہ اتر پردیش ہے۔ ہم اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک یہاں کانگریس نظریہ والی حکومت نہیں بن جاتی ہے۔

پرینکا گاندھی کے استقبال میں کھڑے ہزاروں لوگوں کی بھیڑ سے مخاطب ہوتے ہوئے راہل گاندھی نے اتر پردیش میں خوشحالی لانے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ ’’میں نے پرینکا اور جیوترادتیہ کو اتر پردیش کا جنرل سکریٹری بنایا ہے اور ان سے کہا ہے کہ یہاں لوگوں پر جو ظلم ہوا ہے انھیں انصاف دلانے کے لیے کام کریں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک یو پی کے لوگوں کو انصاف نہیں دلایا جاتا، جب تک ریاست میں کانگریس کی حکومت نہیں بن جاتی، اس وقت تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔