کھتولی ضمنی انتخاب: جینت چودھری کا ویڈیو ٹوئٹ کے ذریعے بی جے پی کے ریاستی صدر پر الزام، انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ

جینت چودھری کا الزام ہے کہ بی جے پی کے ریاستی صدر 5 بجے کے بعد بھی اپنے امیدوار کے حق میں مہم چلا رہے تھے۔ ویڈیو میں بی جے پی کے ریاستی صدر ایک جلسہ سے خطاب کرتے نظر آ رہے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مظفرنگر: اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کی کھتولی اسمبلی سیٹ کے لیے انتخابی مہم ہفتے کی شام 5 بجے ختم ہو گئی لیکن راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر جینت چودھری نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کر کے الیکشن کمیشن اور ضلع انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس ویڈیو میں بی جے پی کے ریاستی صدر ایک میٹنگ سے خطاب کرتے نظر آ رہے ہیں۔

جینت چودھری نے الزام لگایا کہ شام 5 بجے کے بعد بھی بی جے پی کے ریاستی صدر اپنے امیدوار کی حمایت میں مہم چلا رہے ہیں، جس کا الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہئے اور ضلع انتظامیہ کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ جینت چودھری کے ٹوئٹ کے بعد راشٹریہ لوک دل کے امیدوار مدن بھیا بھی حرکت میں آ گئے اور انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایس ڈی ایم کھتولی کو مکتوب سونپتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر بھوپیندر چودھری اور مرکزی وزیر سنجیو بالیان پر شام 5 بجے کے بعد بھی انتخابی مہم چلانے کا الزام لگاتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔


اس سلسلے میں ایس ڈی ایم کھتولی جیت سنگھ رائے کا کہنا تھا کہ شکایت لوک دل کے امیدوار نے کی ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ایسا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا تاہم اس کے باوجود ٹوئٹ کی گئی ویڈیو کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اس بارے میں لوک دل کے امیدوار مدن بھیا نے بتایا کہ بھوپیندر چودھری اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سنجیو بالیان ریاستی وزیر ہیں اور یہ لوگ 150 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ جا رہے ہیں۔ ضابطہ اخلاق کی اس طرح خلاف ورزی کی جا رہی ہے تو دوبارہ الیکشن کرانے کا کیا فائدہ! انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق سب پر لاگو ہونا چاہیے۔ اگر آپ حکومت میں وزیر ہیں اور ریاستی صدر تو بھی آپ کے لیے بھی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے، یہ سب نہیں چلے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔