مظفر نگر: چندر شیکھر آزاد کے قافلہ کی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ، نذر آتش کرنے کی کوشش، کشیدگی کے بعد بھاری فورس تعینات
چندر شیکھر آزاد نے اس واقعہ کے بعد کہا ہے کہ ان تمام سماج دشمن عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہیے، ورنہ ان کی برادری اس بزدلی کو برداشت نہیں کرے گا
مظفرنگر: بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد کے قافلے میں شامل نصف درجن گاڑیوں میں جمعہ کو اس وقت توڑ پھوڑ کی گئی جب وہ مظفر نگر ضلع کے ایک گاؤں میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے لئے پہنچے تھے۔ رتن پوری تھانے کے گاؤں بھوپ کھیڑی میں پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد علاقہ کا ماحول کشیدہ ہو گیا۔ بھیم آرمی کا الزام ہے کہ گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔ چندر شیکھر آزاد نے اس واقعہ کے بعد کہا ہے کہ ان تمام سماج دشمن عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جانا چاہیے، ورنہ ان کی برادری اس بزدلی کو برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھتولی ضمنی انتخاب کے بعد سے ان کی برادری کے لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہراساں کیا جا رہا ہے اور آج کا واقعہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بی جے پی حکومت انتقام کے جذبے سے کام کر رہی ہے۔ یہ اتحاد بھائی چارے کو بحال کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ نفرت کی سیاست کا خاتمہ بھائی چارے سے ہی ہوگا۔ کھتولی سے رکن اسمبلی مدن بھیا بھی یہاں ان کے ساتھ موجود تھے۔
دریں اثنا، بھیم آرمی اور آزاد سماج پارٹی کی درجنوں گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کے بعد علاقہ کا ماحول کشیدہ ہو گیا اور گاؤں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ بھیم آرمی کے کارکنوں نے واقعے کی تحریر رتن پوری پولیس کو دے دی ہے۔ چندرشیکھر دلت برادری کے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے گاؤں میں پہنچے تھے۔ بھیم آرمی چیف اور آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ جب سے کھتولی ضمنی انتخاب کے نتائج آئے ہیں، تبھی سے دلت برادری کے لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف مار پیٹ کے فرضی مقدمے درج کر کے اور عظیم شخصیات کے مجسموں کو توڑ کر پریشان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا واقعہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔
مقامی رہائشی وپن جاٹو کے مطابق، کچھ دن پہلے بھوپ کھیڈی گاؤں میں بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ چندر شیکھر اور رکن اسمبلی مدن بھیا اسی مجسمہ کی گلپوشی کرنے کے لئے یہاں پہنچے تھے۔ جس وقت چندر شیکھر آزاد یہاں گلپوشی کر رہے تھے اسی وقت تقریب کے باہر پہنچے بھیم آرمی کے درجنوں کارکنوں کی گاڑیوں کو سماج دشمن عناصر نے توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔
مظفر نگر پولیس نے کشیدہ ماحول کو پرامن کرنے کی کوشش کی اور توڑ پھوڑ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہائی کرائی۔ کارکنوں نے تھانہ رتن پوری میں واقعے کی تحریر دی ہے۔ فی الحال پولیس ملزم کی تلاش میں ہے۔ توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد گاؤں میں دو برادریوں کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔
واقعہ کی معلومات دیتے ہوئے بڑھانہ کے سی او ونے گوتم نے بتایا کہ گاؤں میں آزاد سماج پارٹی کے صدر چندر شیکھر آزاد کا پروگرام تھا، جب وہ پروگرام میں تھے تو کچھ شرارتی عناصر نے ان کی 3 گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی۔ ہم توڑ پھوڑ کو انجام دینے والے سماج دشمن عناصر کی تلاش کر رہے ہیں۔ گاؤں میں فورس تعینات ہے اور حالات قابو میں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔