مظفرنگر: کھتولی ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو لگا بڑا جھٹکا، تیاگی برادری نے کیا بائیکاٹ کا اعلان
مظفر نگر ضلع کی کھتولی اسمبلی سیٹ بی جے پی کے ایم ایل اے وکرم سنگھ سینی کو 2013 کے مظفر نگر فسادات میں سزا کے بعد نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ اس سیٹ کے لیے پولنگ 5 دسمبر کو ہوگی
مظفرنگر: اتر پردیش کی کھتولی اسمبلی سیٹ کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب میں تیاگی برادری نے بی جے پی کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مظفر نگر ضلع کے نوالا میں برادری کی میٹنگ ہوئی جس میں اس فیصلے کا اعلان کیا گیا۔ برادری کے افراد کا یہ اقدام سابق بی جے پی ممبر شری کانت تیاگی کی حالیہ گرفتاری اور اتر پردیش پولیس کے ذریعہ ان کے خاندان کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کے بعد سامنے آیا ہے۔
تیاگی-برہمن-بھومیہار مورچہ کے صدر مانگے رام تیاگی نے اتوار کو کہا کہ ’’یہ ایک متفقہ فیصلہ ہے۔ ہم تیاگی کی بڑی آبادی والے اس گاؤں میں جمع ہوئے تاکہ پوری برادری کو حکمراں پارٹی سے دور رہنے کو کہا جائے۔ کبھی نہ بھولیں کہ پارٹی نے شری کانت اور ان کے خاندان کے ساتھ کیا سلوک کیا۔‘‘
میٹنگ میں شریک دیپک کمار تیاگی نے کہا ’’بی جے پی کو ماضی میں ہماری برادری کے تقریباً 99 فیصد ووٹ ملے تھے اور بدلے میں انہوں نے ہمارے لوگوں کو صرف پریشان کیا۔ اجلاس کا مقصد اپنے تمام لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا تھا۔‘‘
خیال رہے کہ رواں سال اگست میں شری کانت، جس نے بی جے پی کا رکن ہونے کا دعویٰ کیا تھا، کو پولیس نے نوئیڈا میں ایک مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک خاتون پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔ 21 اگست کو شری کانت کی حمایت میں نوئیڈا میں ایک 'مہاپنچایت' منعقد کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ مظفر نگر ضلع کی کھتولی اسمبلی سیٹ بی جے پی کے ایم ایل اے وکرم سنگھ سینی کو 2013 کے مظفر نگر فسادات میں سزا کے بعد نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ اس سیٹ کے لیے پولنگ 5 دسمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔