ہندوستان کی بیشتر مساجد میں کل سے عوام پڑھ سکیں گے نماز، 10 باتوں کا رکھیں خاص خیال
کئی مساجد کے منتظمین نے اپنی اپنی مساجد میں احتیاطی تدابیر کیے ہیں اور علماء حضرات نے بھی کچھ رہنما ہدایات تیار کیے ہیں جن پر نمازی حضرات کو عمل کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
لاک ڈاؤن 5.0 میں نرمی دیتے ہوئے مرکزی حکومت نے 8 جون سے سبھی مذہبی مقامات و عبادت گاہوں کو کھولنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا ہے اور اس کے لیے رہنما ہدایات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس درمیان کئی مساجد کے منتظمین نے اپنی اپنی مساجد میں احتیاطی تدابیر کیے ہیں اور علماء حضرات نے بھی کچھ رہنما ہدایات تیار کیے ہیں جن پر نمازیوں کو عمل کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ یہ رہنما ہدایات اس لیے جاری کیے گئے ہیں تاکہ کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرتے ہوئے نماز کی ادائیگی ہو سکے۔
ملک کی مختلف مساجد کے ائمہ اور علماء حضرات نے نمازیوں کو کئی طرح کے احتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا ہے، لیکن ان میں سے جو 10 انتہائی اہم باتیں ہیں اور جن کا خیال ہر نمازی اور مسجد انتظامیہ کو رکھنا چاہیے وہ اس طرح ہیں...
- مسجدوں میں صرف فرائض کی ادائیگی کریں، سنتیں اور نوافل گھر میں پڑھیں۔
- جماعت کے وقت سوشل ڈسٹنسنگ کا خاص خیال رکھیں، یعنی نمازیوں کے درمیان ایک ضروری فاصلہ ہو۔
- مسجد میں ماسک پہن کر آئیں اور جب تک مسجد میں رہیں ماسک پہنے رہیں۔
- اذان اور نماز کے درمیان زیادہ وقفہ نہ رکھیں۔ یہ وقفہ 5 منٹ کا ہو تو زیادہ مناسب ہے۔
- نمازوں کو امام صاحب طویل نہ بنائیں اور جمعہ کی نماز میں خطبہ بھی مختصر رکھیں۔
- مسجد میں جماعت سے پہلے اور بعد میں غیر ضروری اٹھنے بیٹھنے سے پرہیز کریں۔
- نمازی گھر سے جائے نماز لے کر آئیں اور مسجد میں رکھی ٹوپیوں کا استعمال نہ کریں۔
- وضو گھر سے کر کے مسجد پہنچیں۔ بہتر یہ ہے کہ متولی حضرات وضو خانے اور غسل خانے بند رکھیں۔
- ہر نماز سے پہلے مسجد کے فرش اور دیواروں کو سینیٹائز کیا جائے یا فینائل وغیرہ سے فرش کی دھلائی ضرور کریں۔
- مسجد میں کسی سے ملاقات کرتے وقت مصافحہ یا گلے ملنے سے بچیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Jun 2020, 4:11 PM