مسلمان اپنی مِلّی و تہذیبی شناخت کی فکر کریں: مولانا الیاس ندوی بھٹکلی

مولانا الیاس نے اس موقع پر گوا کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کے ایمان و عقیدہ کی فکر کریں اور نوجوان لڑکیوں کے مُرتد ہوکر غیروں کے ساتھ رشتہ جوڑنے کے واقعات پر حکمت و تدّبر کے ساتھ قدغن لگائیں۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

علامتی، تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

گوا: مسلمانوں کو ملک میں اپنی ملی و تہذیبی شناخت کے ساتھ اگر باقی رہنا ہے تو انھیں ایسے معیاری تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے جو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی و فکری تربیت سے بھی آراستہ کرے۔ اس فکر کا اظہار سرپرست جامعۃ المعارف و نامور اسلامک اسکالر مولانا الیاس ندوی بھٹکلی نے کیا۔

موصوف گزشتہ روز مڈگاؤں گوا کے معروف تعلیمی ادارہ جامعۃ المعارف کے 23؍ ویں سالانہ جلسہ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ جہاں مدرسہ کے دس حفاظ کرام کو سندِ فراغت عطاء کی گئی۔ مولانا الیاس ندوی نے اس موقع پر گوا کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کے ایمان و عقیدہ کی فکر کریں اور نوجوان لڑکیوں کے مُرتد ہوکر غیروں کے ساتھ رشتہ جوڑنے کے واقعات پر حکمت و تدّبر کے ساتھ قدغن لگائیں۔


آپ نے اس موقع پر گوا کے مسلمانوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنے خاندان کے کم از کم ایک بچے، بچی کو دینی و مذہبی تعلیم سے جوڑیں۔ موصوف نے کہا کہ جو لوگ مدرسہ کی تعلیم کو کم تر سمجھتے ہیں ان کے سامنے عالم اسلام کی عظیم شخصیت مولانا علی میاں ندویؒ کی مثال موجود ہے جو ایک گاؤں دیہات میں پیدا ہوئے آج بھی اُن کے گاؤں کی سڑکیں کچّی ہیں اور ان کا ذاتی مکان مِٹّی کا ہے، لیکن علم دین کی بدولت وہ عالم اسلام کے مقتدر و معتبر شخص بھی ان کی چوکھٹ پر حاضری کو سعادت سمجھتا تھا اور پوری دُنیا میں اُن کی عزت و توقیر تھی۔

مولانا الیاس ندوی نے گوا کی مسجد صدیق میں جمع سینکڑوں بیدار مغز مسلمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمانِ گوا چاہیں تو اپنے اندر بیداری پیدا کرکے انقلاب برپا کرسکتے ہیں اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے گوا رول ماڈل بن سکتا ہے، مولانا نے اپیل کی کہ جامعۃ المعارف کے توسیعی منصوبہ پر دست تعاؤن دراز کریں تاکہ آنے والی نسلیں ایمان و عقیدے کے ساتھ اس ملک میں زندہ رہ سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔