مسلمانوں کو مسجدیں اپنے گھروں سے بھی زیادہ عزیز: مسلم پرسنل لا بورڈ

حیدرآباد سے متصل شمس آباد میں ’ مسجد خواجہ محمود‘ کو راتوں رات شہید کرنے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا کہ یہ نہایت افسوس ناک اور مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت حرکت ہے

مسلم پرسنل لاء، تصویر آئی اے این ایس
مسلم پرسنل لاء، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: شہر حیدرآباد سے متصل شمس آباد میں ’ مسجد خواجہ محمود‘ کو راتوں رات شہید کرنے کے واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا ہے کہ 'یہ نہایت افسوس ناک اور مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت حرکت ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے پریس نوٹ میں کہا کہ اس بات پر جس قدر بھی افسوس کیا جائے کم ہے کہ ایک طرف حکومت اقلیتوں کی ہمدردی کا دعویٰ کرتی ہے اور دوسری طرف تلنگانہ میں مسلمانوں کے مقدس مذہبی مقامات کے لئے اترپردیش کا بلڈوزر کلچر نافذ کرتی ہے اور مسجد شہید کر دیتی ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اس کی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بلا تاخیر یہاں دوبارہ مسجد کی تعمیر کرے، اسی طرح سکریٹریٹ کی شہید کردہ مسجد کو بھی جلد سے جلد تعمیر کرے اور جن سرکاری افسروں نے اس قسم کا نفرت انگیز، ظالمانہ اور جانبدارانہ قدم اٹھایا ہے، ان کے خلاف کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو مسجدیں اپنے گھروں سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ کیوں کہ یہ اللہ کے گھر ہیں، اس لئے وہ ہر گز ایسی مذموم حرکت کو برداشت نہیں کر سکتے، مولانا رحمانی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اس سلسلہ میں ہماری لڑائی حکومت سے ہے نہ کہ برادران وطن سے اس لئے بہر صورت امن وامان کو قائم رکھیں اور مشتعل ہونے سے بچیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔