مسلم نوجوان ملک و ملت کے لئے اثاثہ بنیں: سعادت اللہ

سعادت اللہ حسینی نے کہا، دین کی دعوت کے بغیر مثبت تبدیلی کی توقع ہرگز نہیں کی جاسکتی، مسلم نوجوانوں کو زندگی کے ہر شعبہ میں قائدانہ و رہنمایانہ رول ادا کرتے ہوئے ملک کے مسائل سے نجات دلانی چاہئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے کہا ہے کہ اس ملک میں سب سے اہم کام جو مسلمانوں کو کرنا ہے وہ دعوت دین کا ہے۔ دین کی دعوت کے بغیر کسی مثبت تبدیلی کی توقع ہرگز نہیں کی جاسکتی۔ آج ضرورت ہے کہ مسلم نوجوان ملک و ملت کے لئے اثاثہ بنیں اور زندگی کے ہر شعبہ میں قائدانہ و رہنمایانہ رول ادا کرتے ہوئے ملک کی مسائل سے نجات دلائیں۔
انجینئرسید سعادت اللہ حسینی، جماعت اسلامی ہند کی نئی چار سالہ میقات کے لئے نئے امیر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد کے ایڈن گارڈن کنگ کوٹھی میں ارکان و کارکنان کے ایک کثیر اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کی جانب سے کیا گیا تھا۔اجتماع سے امیر حلقہ تلنگانہ و اڑیسہ مولانا حامد محمد خان نے بھی خطاب کیا۔

سعادت اللہ حسینی نے کہا اس ملک میں ہمارے لئے جہاں چیلنجس ہیں وہیں مواقع بھی ہیں۔جب جب اسلام اور مسلمانوں پر مشکلات و مصیبتیں آئیں اس وقت اسلام تیزی سے پھیلا۔آج دنیا کے حالات پر غور کریں تو معلوم ہو گا کہ اس کر ہ ارض میں دعوت کی ایک نئی لہر پر تول رہی ہے۔چنانچہ اس کام کو ہمیں ترجیحی بنیاد پر انجام دینا ہے اور جس کے لئے سو فیصد وسائل و توانائی صرف ہونی چاہیے۔یہی کام ہمارے نصب العین ’اقامت دین کو تقویت پہونچانے کا ذریعہ بنے گا اور اسی کے نتیجہ میں رائے عامہ تبدیل ہوگی اور سونچ بدلے گی۔

امیر جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ اقامت دین صرف جماعت کا نصب العین نہیں ہے بلکہ بحیثیت مجموعی ساری امت کا نصب العین ہے اس لئے امت کو ساتھ لے کر اس کام کو کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو نصیحت کی کہ وہ امت مسلمہ سے جماعت کے ر شتہ کو مضبوط کریں۔یہ کام مسلسل رابطہ اور خیرخواہانہ تعلق سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے پر زور لفظوں میں کہا کہ جب امت آپ کے پیغام کو سمجھے گی تو ساتھ دینے کے لئے تیار ہوجائے گی۔

سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ملک میں تبدیلی مہمات، کانفرنسوں اور اداروں کے ذریعہ نہیں آئے گی،بلکہ مسلسل انفرادی رابطوں اور دعوت کے موثر ابلاغ سے آئے گی۔انہوں نے کارکنوں کو نصیحت کی وہ اپنا جائزہ لیتے رہیں ،ہر کارکن یہ دیکھے کہ میری کوشش سے کتنے لوگوں تک دعوت پہنچی اور کتنے لوگ میری کوشش کے نتیجہ میں اس مقصد سے جڑ پائے ہیں۔

قبل ازیں حافظ محمد رشاد الدین ناظم شہر حیدرآبا د نے نومنتخب امیر جماعت اسلامی ہند کے ابھی تک کے تحریکی سفر،علمی خدمات اور حیدرآباد سے ان کے تعلق پر روشنی ڈ الی اور استقبالیہ کلمات کہے۔ اجتماع سے عارف الدین ، ڈاکٹر سید طلحہ فیاض الدین ریاستی صدر ایس آئی او تلنگانہ، کمال اطہر صدر ڈبلیو پی آئی،عبدالجبار صدیقی جنرل سکریٹری ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن ،محترمہ ناصرہ خانم ناظمہ شعبہ خواتین، محترمہ خنسا فاطمہ ،جی آئی اونے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جناب سید سعادت اللہ حسینی کی قیادت میں تحریک اسلامی کا قافلہ ایک نئے جوش و ولولہ کے ساتھ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہوگا۔

عبد الماجد ذاکر نے نظامت کی۔ محمد اظہر الدین سکریٹری رابطہ عامہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڑیسہ کے کلمات تشکر اور مولانا احمد محی الدین نظامی کی دعا پر اجتماع اختتام کو پہونچا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔