عید الفطر کے موقع پر شر پسندوں کی شرارت سے خود کو بچائیں ، علما ئےکرام کی اپیل
اللّٰہ تعالیٰ نے دوسال بعد مسلمانوں کو عبادت اور ریاضت کا موقعہ دیا ہے اور شیطان اس چیز کو پسند نہیں کررہا اور وہ شرارتیں کرارہا ہے ہمیں اس کے شر سے بچنے کی ضرورت ہے۔
عید الفطر کے موقع پر مسلمان صبروتحمل اور حکمت عملی کامظاہرہ کریں اور شرپسندوں کی شرارت پر ان سے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کے بہکاوے میں نہ آئیں ،اس طرح کی اپیل ممبئی سمیت ملک بھر کے علمائے کرام اور دانشوروں نے کی ہے۔
ایک بیان میں ممبئی میں انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے کہاکہ ماہ رمضان میں مسلمانوں نے جس صبروتحمل کا مظاہرہ کیا ہے،اسی طرح صبروتحمل اور حکمت عملی کا مظاہرہ کریں۔ان کی کوشش ہونا چاہئے کہ وہ شرپسندوں کی شرارت سے خودکوبچائیں اور ان کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
انہوں نے کہاکہ اللّٰہ تعالیٰ نے دوسال بعد ہمیں عبادت اور ریاضت کا پورا پورا موقعہ دیا ہے اور اس وجہ سے شیطان اس چیز کو پسند نہیں کررہا ہے ،اور وہ شرارتیں کرارہا ہے ،اس کے بچنے کے لیے ہمیں حکمت عملی سے کام لینا ہے۔ڈاکٹر ظہیر قاضی نے اپنے غیر مسلم دوستوں اور پڑوسیوں کو بھی عید میں شامل کرنے کا مشورہ دیا۔
اس موقع پر بمبئی امن کمیٹی کے صدر فرید شیخ نے بھی مسلمانوں سے سادگی اور پُر امن طورعید منانے کی اپیل کی ہے اور کہاکہ اپنے بچوں کو ہدایت دیں اور سبھی اس کا خیال رکھیں کہ ہم سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے ۔
ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ایم اے خالد ے بھی کہاکہ ملک کے حالات کے پیش نظر مسلمانوں کو انتہائی سادگی سے عید منانا چاہئیے تاکہ اپنے محلے،شہر اور ملک کا امن برقرار رہے۔پولیس اور انتظامیہ سے تعاون کریں ۔
انہوں نے کہاکہ ہر طرح سے ہماری کوشش ہونا چاہیئے کہ دوسروں کو بھی اپنی خوشی می۔ شامل کریں ۔
معروف سوشل ورکر سلیم الوار ے نے کہا کی عید الفطر اللہ کا ایک عظیم الشان تحفہ اور انعام و اکرام ہے ہمیں اسے قدر و منزلت کے ساتھ منانا چاہئے اور موجودہ حالات میں شر پسندوں کو کسی بھی قسم کا موقع دیئے بنا پر امن طریقے سے عید منانا چاہئے۔
اس درمیان عید الفطر کے لئے آل انڈیا علما بورڈ کی چند گائیڈ لائنز جاری ہے اور کہاہے کہ مسلمان امن وامان کے ساتھ عید منائیں ۔سڑک پر نماز پڑھنے سے احتراز کریں۔ آل انڈیا علما بورڈنے ملک کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ امن وامان کے ساتھ عید منائیں، ملک کے امن پسند غیر مسلم ہمارے ساتھ ہیں۔
امن و شانتی اور ملک کی خوشحالی کے لئے ساتھ مل کر فسطائی طاقتوں کا مقابلہ کریں گے اور ان کو ان کے ناپاک مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آل انڈیا علما بورڈ نے جاری اپنے ایک پریس ریلیز میں یہ باتیں کہیں۔ قبل ازیں آل انڈیا علما بورڈ کے تمام اراکین کی ایک مشاورتی میٹنگ ہوئی جس میں بورڈ کے قومی صدر اور شاہی امام دہلی، مولانا نیاز احمد قاسمی، مولانا سید اطہر علی اشرفی، مولانا نوشاد احمد صدیقی، مولانا شمیم اختر ندوی، مولانا قاری محمد یونس چودھری، مولانا مفتی طاہر حسین مظاہری و دیگر نے شرکت کی۔ اراکین کے رائے اور مشوروں سے مسلمانوں کو چند گائیڈ لائن جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ راستے میں نماز کی صف نہ بنائیں، مسجد اور درگاہ کے احاطے میں ہی صف بندی کریں۔ نمازی زیادہ ہوں تو دوسری جماعت کا اہتمام کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔