’مسجد کی بے ادبی ناقابل برداشت‘، گیان واپی-متھرا شاہی عیدگاہ معاملے پر مسلم پرسنل لاء بورڈ نے تشکیل دی کمیٹی
مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی شب ایک ایمرجنسی آن لائن میٹنگ طلب کی گئی تھی جس میں گیان واپی اور ملک کی دیگر مساجد کو لے کر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وارانسی کی گیان واپی مسجد اور متھرا کی شاہی عیدگاہ سے متعلق جاری تنازعہ کے درمیان آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے 17 مئی کی شب ایک انتہائی اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے بعد مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کہا کہ ’’مسلمان مسجد کی بے ادبی قطعی برداشت نہیں کر سکتے۔ فرقہ وارانہ طاقتیں غلط حرکتیں کر رہی ہیں اور عدالتیں بھی متاثرین کو مایوس کر رہی ہیں۔‘‘ میٹنگ کے دوران ’پلیسز آف وَرشپ ایکٹ 1998‘ کے مطالعہ کے لیے بورڈ نے ماہرین قانون کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی گیان واپی اور دیگر مساجد سے جڑے معاملوں کو دیکھے گی اور قانونی کارروائی کرے گی۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ منگل کی شب ایک ایمرجنسی آن لائن میٹنگ طلب کی گئی تھی جس میں گیان واپی اور ملک کی دیگر مساجد کو لے کر فرقہ وارانہ طاقتوں کے سلوک پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ بورڈ اراکین نے پایا کہ ایک طرف نفرتی طاقتیں پورے زور سے پروپیگنڈا پھیلانے میں لگی ہیں اور پاکیزہ مقامات پر مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ دوسری طرف مرکزی اور ریاستی حکومتیں، جن پر قانون و انتظام کی ذمہ داری ہے، وہ خاموش بیٹھی ہیں۔ خود کو سیکولر کہنے والی پارٹیاں بھی خاموش ہیں۔
جاری بیان میں بورڈ نے عدالتی کارروائی پر بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ بورڈ نے کہا کہ عدالت بھی اقلیتوں اور مظلومین کو مایوس کر رہی ہے۔ اس وجہ سے فرقہ وارانہ طاقتوں کو حوصلہ مل رہا ہے۔ گیان واپی معاملہ کورٹ میں 3 سال پہلے شروع ہوا تھا۔ ہائی کورٹ کے اسٹے آرڈر کو بھی نظر انداز کیا گیا۔ گیان واپی کو لے کر لگاتار مقدمے داخل کیے گئے اور اس کے بعد عدالت کے ذریعہ دیے گئے حکم مایوس کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔