بی جے پی حکمراں ریاستوں میں نہیں تھم رہے قتل کے واقعات، اب گوالیر میں ماں-بیٹی کا بہیمانہ قتل

بی جے پی حکمراں مدھیہ پردیش کے ضلع گوالیر میں کچھ بدمعاشوں نے گھر میں گھس کر ماں اور بیٹی کا بہیمانہ طور پر قتل کر دیا، اس واقعہ کے بعد لوگ سوال کر رہے ہیں کہ کیا خواتین اب گھروں میں بھی محفوظ نہیں؟

قتل کی علامتی تصویر، آئی اے این ایس
قتل کی علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی حکمراں ریاستوں میں بد امنی اور قتل و غارت گری اپنی انتہا پر پہنچ چکی ہے۔ عام آدمی ہی نہیں، سیاستداں اور پولیس افسر تک کی زندگی محفوظ نہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں کے اندر بی جے پی حکمراں ریاستوں اتر پردیش، مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ کے اندر جس طرح قتل کے واقعات سامنے آئے ہیں، اس پر ہنگامہ ختم بھی نہیں ہوا ہے اور اب مدھیہ پردیش کے گوالیر میں ایک ماں بیٹی کا بہیمانہ قتل کر دیا گیا ہے۔

بی جے پی حکمراں مدھیہ پردیش میں کچھ بدمعاشوں نے گھر میں گھس کر ایک ماں-بیٹی کو بہیمانہ طور پر قتل کر دیا۔ اس بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قتل لوٹ پاٹ کا واقعہ انجام دینے کے بعد کیا گیا ہے۔ قتل سے پہلے بدمعاشوں کے ساتھ مزاحمت کے نشانات بھی مقتولین کے جسم پر پائے گئے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ سوسائٹی کے اندر یہ جرم انجام دیا گیا اور قاتل فرار بھی ہو گئے۔ پولیس سوسائٹی میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔ ممکن ہے اس فوٹیج سے کچھ سراغ ہاتھ لگ جائے، جس کی بنا پر ملزمین کو پکڑنا آسان ہو۔


مقتولہ ماں اندوپوری کی عمر 80 سال اور ان کی بیٹی رینا بھلا کی عمر 55 سال بتائی جا رہی ہے۔ ان کی لاشیں ان کے فلیٹ نمبر-322 سے برآمد ہوئی ہیں۔ وہاں رہنے والوں نے بتایا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی چوری کے واقعات سوسائٹی میں ہو چکے ہیں۔ مقتولین کے اہل خانہ نے بتایا کہ ان کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، پھر بھی انہیں قتل کر دیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے۔ پولیس نے قصورواروں کی جلد از جلد گرفتاری کا یقین دلایا ہے اور انھیں سخت سزا دلانے کا بھروسہ بھی دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل مہاراشٹر میں بوقت شام مشہور و معروف این سی پی لیڈر بابا صدیقی کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ چھتیس گڑھ میں تو ایک کانسٹیبل پر کھولتا ہوا تیل ڈال دیے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا اور وہ اب بھی موت و حیات کی جنگ لڑنے پر مجبور ہے۔ اس کانسٹیبل کے ساتھی سینئر کانسٹیبل کی بیوی اور بچوں کو گھر سے اغوا کر کے قتل بھی کر دیا گیا جس سے مقامی لوگوں میں زبردست اشتعال دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اتر پردیش کے بہرائچ میں مذہبی جلوس کے دوران ہوئے تصادم نے بھی بی جے پی حکومت میں سیکورٹی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ ان تمام واقعات کو لے کر اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی پر حملہ آور نظر آ رہی ہیں۔ اپوزیشن لیڈران کا الزام ہے کہ بی جے پی حکومتیں لاء اینڈ آرڈر کو سنبھالنے میں پوری طرح ناکام ثابت ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔