غیر ملکی ماں بیٹے کا قتل معاملہ: دہلی پولیس سی سی ٹی وی کھنگالنے میں مصروف

جنوب مشرقی دہلی پولیس قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے خاتون کے شوہر ونئے چوہان اور اس کے دیگر دوستوں کے بیانات کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی فٹیج کا تجزیہ کر رہی ہے۔

دہلی پولیس کا لوگو / تصویر بشکریہ ویکی پیڈیا
دہلی پولیس کا لوگو / تصویر بشکریہ ویکی پیڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی پولیس کرغزستان سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون اور اس کے 13 سالہ بیٹے کے قتل کو حل کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ماں بیٹے کی لاشیں منگل کی صبح اس کے ازبکستان کی ایک خاتون دوست کے فلیٹ سے برآمد کی گئیں۔ جنوب مشرقی دہلی پولیس قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے خاتون کے شوہر ونئے چوہان اور اس کے دیگر دوستوں کے بیانات کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی فٹیج کا تجزیہ کر رہی ہے۔

تفتیش کے دوران خاتون کے شوہر ونئے نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بیوی مسکل زومبیوا (28) حاملہ تھی۔ پیر کی شب اس نے پیٹ میں درد کی شکایت کی اور اسپتال لے جانے کو کہا۔ اس بات پر دونوں کے درمیان لڑائی ہوئی۔ اس کے بعد وہ گریٹر کیلاش -2 میں ایک دوست کے گھر چلا گیا۔ اسی وقت اس کی بیوی نے اپنی ازبکستانی خاتون دوست کو بلایا اور اس کے ساتھ اسپتال گئی. وہاں سے وہ رات میں ازبکستانی دوست متولبا مڈسمونوف کے گھر آئی، جہاں منگل کی صبح ماں اور بیٹے کی لاشیں ایک الگ کمرے میں خون سے لت پت حالت میں بستر پر پڑی ہوئی پائی گئیں۔ موقع سے ایک چاقو برآمد ہوا جبکہ لاشوں پر زخموں کے متعداد نشانات پائے گئے تھے۔


ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو جوڑے کے دیگر دوستوں بشمول ونئے کے بیانات مشکوک لگ رہے ہیں۔ ان کے بیانات سے کئی سوالات پیدا ہوئے ہیں، جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ مسکل زومبیوا اور ونئے کی تقریباً ڈھائی سال قبل لو میرج کی شادی ہوئی تھی۔ وہ گریٹر کیلاش ٹو میں کرائے کے ایک مکان میں رہ رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔