آکاش وجے ورگیہ کی پٹائی سے زخمی میونسپل کارپوریشن کا افسر ’آئی سی یو‘ میں داخل
ہائی بلڈ پریشر کی شکایت کے بعد میونسپل کارپوریشن افسر کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا۔ وہاں کے ایک ڈاکٹر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انھیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔
ایک طرف بی جے پی رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ کو ان کی تشدد آمیز حرکت کے سبب قانونی کارروائی کا سامنا ہے، اور دوسری طرف ان کی پٹائی سے زخمی میونسپل کارپوریشن افسر دھیریندر سنگھ بایس ایک پرائیویٹ اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہو گئے ہیں۔ مخدوش مکان کو منہدم کرنے گئے 46 سالہ میونسپل کارپوریشن افسر دھریندر سنگھ کو جمعرات کی شام ہائی بلڈ پریشر کی شکایت کے بعد اندور کے پلاسیا واقع پرائیویٹ اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا۔ ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ان کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔
دراصل بدھ کو اندور کے گنجی کمپاؤنڈ علاقہ میں ایک مخدوش عمارت کو گرانے کے دوران ہوئے تنازعہ میں بی جے پی رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ نے دھیریندر سنگھ کو کرکٹ بیٹ سے پیٹ دیا تھا اور اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو گیا تھا۔ نیوز چینلز نے بھی اس ویڈیو کو ترجیحی بنیاد پر دکھایا تھا اور آکاش کے رویے کی مذمت کی تھی۔
آکاش اس معاملے میں گرفتاری کے بعد عدالتی حراست میں ہیں اور انھیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ 26 جون کو ہوئے اس واقعہ میں گرفتار آکاش وجے ورگیہ کو 7 جولائی تک عدالتی حراست میں بھیجا گیا ہے۔ گزشتہ دن دن کے دوران مدھیہ پردیش کی الگ الگ عدالتیں ان کی دو ضمانت عرضیاں خارج کر چکی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 34 سالہ آکاش وجے ورگیہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے بیٹے ہیں۔ گزشتہ سال ہوئے مدھیہ پردیش اسمبلی انتخاب میں جیت کر وہ پہلی بار رکن اسمبلی بنے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Jun 2019, 4:10 PM