ممبئی: عید الاضحیٰ پر قربانی ہوگی یا نہیں! غیر یقینی صورت حال برقرار
رئیس شیخ نے کہا ہے کہ جب عام دنوں میں کورونا وبا کی دوسری لہر کے بعد جانوروں کی منڈی شروع کی گئی تو اسی نہج پر عید قرباں کے موقع پر جانوروں کی منڈی کو کورونا اصول وضوابط کے مطابق شروع کی جائے
ممبئی: ممبئی میں عید قرباں سے قبل جانوروں کو شہر میں لانے کی بلا روک ٹوک اجازت اور کورونا وبا کے اصول وضوابط کے ساتھ قربانی کی اجازت دینے کا مطالبہ اب زور پکڑتا جا رہا ہے۔ امسال بارش کے سبب عید الاضحی کی وجہ سے مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، دیونار مذبح خانہ میں امسال بھی منڈی لگانے کی اجازت ملنا مشکل ہے جبکہ سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی، ایس پی لیڈر و رکن اسمبلی رئیس شیخ نے اس کے لئے اجازت بھی طلب کی ہے، لیکن اب تک اس معاملہ میں سرکار اور انتظامیہ نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
ممبئی میں بکروں کی خرید وفروخت اور جانوروں کو لانے لے جانے اور ان کے نقل و حمل کی اجازت کو لے کر کورونا وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ کا حوالہ دیا جا رہا ہے، لیکن مسلمانوں کا کہنا ہے کہ جب کنبھ میلہ کا انعقاد ہوسکتا ہے، الیکشن ہوسکتا ہے تو پھر عید قرباں کے موقع پر بکروں کے بازاروں میں آنے سے کورونا کا خطرہ کیسا۔ مسلمانوں نے عید قرباں سے قبل بکروں اور جانوروں کی خریداری کو لے کر اضطراب پایا جا رہا ہے، اگر دیونار مذبح میں بکروں اور جانوروں کی خریداری کی اجازت نہیں ملتی ہے تو پھر جانوروں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ جائین گی اور عام مسلمانوں کا فریضہ قربانی کرنا مشکل ہوجائیگا اسی طرح سے کئی عام متوسط طبقہ کے مسلمان گزشتہ سال قربانی کے ارکان سے محروم رہ گئے، کورونا وبا کے دوران حج بھی محدود کر دیا گیا ہے اس لئے ہندوستانی مسلمان اب اس سعادت سے بھی محروم ہوچکا ہے۔ ممبئی شہر میں دیگر صوبوں سے جانور نقل و حمل کے ذرائع سے لائے جاتے ہیں ایسے میں اگر ان جانوروں کی نقل و حمل اور ترسیل کو روکا گیا تو جانور مہنگے ہوجائیں گے اور اس کا اثر عام مسلمانوں پر ہوگا۔
ممبئی میں بڑے پیمانے پر عید قرباں پر مسلمان فریضہ قربانی اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن گزشتہ سال مسلمانوں کو اس عمل میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، عید کو ابھی ایک ماہ کا ہی عرصہ باقی ہے لیکن اب تک کوئی فیصلہ یا گائیڈ لائن جاری نہیں کی گئی ہے۔ ایس پی رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا ہے کہ جب عام دنوں میں جانوروں کی منڈی کو دیونار میں اجازت دی جاسکتی ہے تو عید قرباں کے دوران منڈی کو اجازت ملنی ہی چاہیے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو مسلمانوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آن لائن قربانی کے معاملہ میں کافی مبہم گائڈ لائن جاری کی گئی تھی جبکہ آن لائن عمل قربانی کا ہوہی نہیں سکتا کیونکہ اس کے لئے جانوروں کا صحتمند اور خوبصورت ہونا شرط ہے لیکن اس کے باوجود آن لائن قربانی کا نظم کیا گیا جوکہ مسلمانوں کے لئے باعث تکلیف بنا۔
رئیس شیخ نے کہا ہے کہ جب عام دنوں میں کورونا وبا کی دوسری لہر کے بعد دیونار میں جانوروں کی منڈی شروع کی گئی تو اسی نہج پر عید قرباں کے موقع پر جانوروں کی منڈی کو کورونا اصول وضوابط کے مطابق جاری رکھا جائے، اس سلسلے میں شرد پوار, ادھو ٹھاکرے اور میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل سے خط و کتابت بھی کی گئی ہے۔ رئیس شیخ نے کہا کہ اگر دیونار کے ساتھ مسلم اکثریتی علاقوں میں عارضی منڈیاں لگائی جائے تو پریشانیاں ختم ہوجائیں گی اور زیادہ تر لوگ دیونار کا رخ نہیں کریں گے اس سے جسمانی فاصلہ رکھنا بھی مشکل نہیں ہوگا اور اس سے دیونار سمیت سرکار کی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔