ممبئی: ادھو ٹھاکرے گروپ کے لیڈر کا ’فیس بک لائیو‘ کے دوران قتل، ملزم نے خود کو بھی گولی مار لی
شیو سینا یو بی ٹی لیڈر ابھیشیک گھوسالکر کے قتل کے بعد ان کے حامی مشتعل ہو گئے اور ملزم کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے
ممبئی: ایک سنسنی خیز واقعہ میں ادھو ٹھاکرے دھڑے یعنی شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر ابھیشیک گھوشالکر کو ممبئی کے دہیسر علاقے میں فیس بک لائیو کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ بعد ازاں فائرنگ کے ملزم مورس نورونہا نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ ملزم مورس نے پہلے ابھیشیک کے ساتھ فیس بک لائیو کیا، پھر انہیں گولی ماری اور اس کے بعد خود کشی کر لی۔
اس واقعہ میں ابھیشیک کو تین گولیاں لگیں جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ وہیں، مورس بھی دم توڑ گیا۔ ممبئی پولیس نے دونوں کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ ممبئی پولیس نے کہا کہ شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما ابھیشیک گھوسالکر کی دہیسر علاقے میں فائرنگ میں گولی لگنے سے موت ہو گئی ہے۔ ابھیشیک کو گولی مارنے کے ملزم موریس نورونہا کی لاش اسپتال لائی گئی ہے۔
ابھیشیک گھوسالکر شیو سینا یو بی ٹی لیڈر ونود گھوسالکر کے بیٹے ہیں۔ ابھیشیک گھوشالکر سابق کارپوریٹر تھے۔ اس واقعہ پر شیو سینا (یو بی ٹی) نے کہا کہ مہاراشٹر میں 'غنڈہ راج' چل رہا ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ابھیشیک کو گولی مار دی گئی ہے۔ ریاست میں کیا ہو رہا ہے؟ یہاں غنڈوں کی حکومت ہے۔ دریں اثنا، شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے اس واقعے پر مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اور وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزم مورس بھائی کے نام سے جانا جاتا تھا اور خود کو سماجی کارکن بتاتا تھا۔ ایک سال قبل ابھیشیک گھوشالکر نے اس کے خلاف دہیسر تھانے میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا۔ ادھر ابھیشیک گھوسالکر کے قتل کے بعد ان کے حامیوں نے جارحانہ ہو کر ملزم کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔ اس واقعہ کی وجہ سے دہیسر علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے جس کے پیش نظر بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔
حال ہی میں بی جے پی ایم ایل اے گنپت گایکواڑ نے پولیس اسٹیشن میں شیوسینا کے ایک لیڈر پر گولی چلا دی تھی۔ کلیان کے ایم ایل اے گائیکواڑ نے 2 فروری کو تھانے ضلع کے الہاس نگر کے ہل لائن پولیس اسٹیشن میں مقامی شیوسینا لیڈر مہیش گائیکواڑ اور ایک اور شخص پر گولی چلائی تھی۔ واقعہ کے بعد ایم ایل اے اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ اس کا بیٹا ویبھو، گناترا اور ایک اور ملزم فرار ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔