ممبئی: اسم محمد ﷺ مع القابات کی خطاطی کی نمائش کامیابی سے ہمکنار
اس نمائش کا مقصد فنِ خطاطی کے ذریعے شان محمد ﷺ کے وقار کو واضح کرنا تھا۔ اس نمائش میں ریاست و بیرونِ ریاست کے پچیس سے زائد خطاطوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے فن پاروں کا مظاہرہ کیا۔
ممبئی: ممبئی میں بارہ ربیع الاول کے پیشِ نظر 'اسم محمد صل اللہ علیہ وسلم' مع القابات، خطاطی کی ایک روزہ نمائش ممبئی کی کریمی لائبریری انجمن اسلام میں منعقد کی گئی- صدر انجمن اسلام ڈاکٹر ظہیر قاضی کے دست مبارک سے نمائش کا پروقار افتتاح عمل میں آیا۔ اس نمائس کی سرپرستی ملک کے نامور خطاط اسلم کرتپوری نے فرمائی۔ اس نمائش کا مقصد فنِ خطاطی کے ذریعے شان محمد ﷺ کے وقار کو واضح کرنا تھا۔ اس نمائش میں ریاست و بیرونِ ریاست کے پچیس سے زائد خطاطوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے فن پاروں کا مظاہرہ کیا۔
ممبئی کے اسلام جمخانہ اور شہر کی دیگر سماجی، تعلیمی اور دینی تنظیموں کے تعاون سے پہلی بار وسیع پیمانے پر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی یوم پیدائش 12 ربیع الاول کی نسبت سے "نبیٔ رحمت ﷺ سب کے لئے" Prophet For All# مہم کا آغاز یکم ربیع الاول سے ہوچکا ہے۔ اس مہم کی سربراہی اسلام جمخانہ کے صدر یوسف ابراہانی کر رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت بارہ دنوں میں مختلف پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کو غیر مسلم طبقے تک پہچانا ہے تاکہ ملک میں آباد غیر مسلم طبقہ حضرت محمد صلعم کی تعلیم واقفیت حاصل کرسکے۔ اسی مہم کے تحت ممبئی کے انجمن اسلام میں اسم محمد ﷺ و القابات کی خطاطی کی نمائش کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس مہم کے روحِ رواں اور اسلام خمخانہ کے صدر یوسف ابراہانی نے کہا کہ گزشتہ دنوں بی جے پی ترجمان نپور شرما نے نیشنل ٹیلی ویژن چینل پر شانِ رسالت صلعم میں گستاخانہ کلمات ادا کئے تھے جس کے بعد ملک میں ایک قسم کا طوفان برپا ہوگیا تھا۔ غیرمسلم طبقے میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق غلط کا ازالہ کرنے اور حضرت محمد صلعم کی تعلیم کو عام کرنے کی نیت سے اس مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس مہم کے ذریعے مختلف شعبوں اور پروفیشن سے تعلق رکھنے والے غیر مسلم افراد سے ملاقات اورحضرت محمد صلعم تعلیمات سے آگاہی کو ملحوظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "اسم محمد صل اللہ علیہ وسلم" مع القابات، خطاطی کا پروگرام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
خطاطی کی نمائش میں مہاراشٹر و بیرون ریاست کے اہم خطاط نے اس نمائش میں نا صرف شریک ہوۓ بلکہ اپنے منفرد فن پاروں سے ناظرین کو انگشت بدنداں کر دیا، خاص طور پر اس نمائش میں عالمی شہرت یافتہ استاد شفیق الزماں خان صاحب، (سربراہ شعبہ خطاطی مسجد النبوی صلی اللہ علیہ وسلم) کے بھی کچھ منتخب نمونوں کو نمائش میں شامل کیا گیا۔
اس نمائش میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے القابات منفرد و خوبصورت ترین انداز میں شامل کر کے خطاطوں نے نمائش کو چار چاند لگا دیئے- اس نمائش میں مہاراشٹر کے ممبئی اور مضافات کے علاوہ بھیونڈی، مالیگاؤں، ایولہ، اورنگ آباد، دھولیہ، شہادہ، اکولہ، گجرات کے سورت، کرناٹک کے گلبرگہ اور دیگر علاقوں کے ماہر و مشاق خطاط اور خطاطہ نے اپنے فن پاروں کو شامل کر کے نمائش کو کامیابی سے ہمکنار کیا- شریک نمائش خطاطوں کے اسم گرامی درج ذیل ہیں۔ شیخ احسان، گلبرگہ کرناٹک، روبینہ ملتانی، سورت، گجرات، خلیق الزماں، اکولہ، ضیاء اللہ، ایولہ، انصاری امتیاز، شہادہ، شیخ رمشا، اورنگ آباد، گل ایوبی، جمال آحمد، رفیق پینٹر، رضوان ربانی، مالیگاؤں، ساتھ ہی رضیہ حنیف، شیخ اریبہ، ڈاکٹر ثناء شیخ، مبارک حسین، شاہجہاں بی، شیخ تنزیلہ، صدیقی مصباح، انصاری عبدالرحیم، مرزا حمیرا، ماسٹر عفان کٹی، عرس البلاد ممبئی اور مضافات سے شریک ہوۓ۔ بالخصوص برادر وطن "اچھوت پالو" مراٹھی کیلیگرافر نے دیوناگری میں اسم محمد لکھ کر نمائش میں شمولیت اختیار کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔