شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کو سینے میں ہوئی شدید تکلیف، اسپتال میں داخل
مہاراشٹر میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان شیوسینا کے تیز طرار لیڈر اور ’سامنا‘ کے مدیر سنجے راؤت کی طبیعت بگڑنے کی خبر سامنے آئی ہے۔ انھیں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
مہاراشٹر میں اس وقت سیاسی اتھل پتھل جاری ہے اور ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ شیوسینا نے بی جے پی کا دامن چھوڑنے کے بعد این سی پی کے ساتھ مل کر حکومت سازی کر سکتی ہے۔ لیکن اس درمیان شیوسینا کے لیے یہ بری خبر سامنے آئی ہے کہ اس کے تیز طرار لیڈر اور ’سامنا‘ کے مدیر سنجے راؤت کی طبیعت بگڑنے کے سبب اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں۔ ان کا علاج اس وقت ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں چل رہا ہے۔ مہاراشٹر کے کشمکش والے سیاسی ماحول میں سنجے راؤت آگے آگے تھے اور بی جے پی کے خلاف تلخ بیانات بھی دے رہے تھے۔ ایسے وقت میں جب کہ شیوسینا حکومت سازی کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، ایسے موقع پر سنجے راؤت کی طبیعت خراب ہونے سے شیوسینا لیڈران و کارکنان کچھ مایوس ضرور نظر آ رہے ہیں۔
سنجے راؤت کے بھائی سنیل راؤت نے کہا کہ گزشتہ 15 دن سے ان کے سینے میں تکلیف ہو رہی تھی اور ان کا چیک اَپ بھی ہوا تھا۔ ساتھ ہی سنیل راؤت نے کہا کہ کوئی فکر کی بات نہیں ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ دو دن میں انھیں اسپتال سے چھٹی مل جائے گی۔
واضح رہے کہ پیر کی صبح سے ہی مہاراشٹر میں گہما گہمی کا دور جاری ہے۔ ریاست میں سیاسی سرگرمیاں لگاتار تیز ہوتی جا رہی ہے۔ این سی پی سپریمو شرد پوار کے مطالبے پر شیوسینا نے این ڈی اے سے اتحاد توڑ لیا ہے۔ اس کے بعد مودی حکومت میں شیوسینا کے وزیر اروند ساونت نے استعفیٰ بھی دے دیا۔
قابل غور ہے کہ شیوسینا نے بی جے پی سے ڈھائی سال کے لیے آدتیہ ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر بی جے پی راضی نہیں ہوئی، جس کے بعد شیوسینا نے کانگریس-این سی پی سے حمایت لینے کی طرف قدم بڑھائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔