مہاراشٹر: شرد پوار سے ملنے پہنچے سنجے راؤت، قیاس آرائیاں تیز، سیاسی ہلچل عروج پر
مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کرنے سے پہلے شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے میڈیا سے کہا کہ ہم بی جے پی سے صرف ان باتوں پر تبادلہ خیال کریں گے جس پر ہم نے اسمبلی انتخاب سے پہلے اظہارِ اتفاق کیا تھا۔
مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان شیوسینا کے قومی ترجمان سنجے راؤت این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملنے ممبئی واقع ان کی رہائش پر پہنچے ہیں۔ اس میٹنگ کی خبروں کے بعد سے قیاس آرائیاں کافی تیز ہو گئی ہیں اور سیاسی ہلچل بھی عروج پر ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ شرد پوار اور سنجے راؤت کے درمیان یہ ملاقات نتن گڈکری سے ہونے والی ملاقات سے پہلے ہوئی۔
مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ کی کرسی کو لے کر شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان سیاسی جنگ جاری ہے۔ نتن گڈکری کے ساتھ ہونے والی میٹنگ سے پہلے ایک بار پھر شیو سینا نے اپنا رخ صاف کر دیا ہے۔ شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ ’’ہم صرف ان باتوں پر تبادلہ خیال کریں گے جن پر ہم نے اسمبلی انتخابات سے قبل اظہارِ اتفاق کیا تھا۔ اب نئی تجاویز پر غور نہیں کیا جائے گا۔ بی جے پی اور شیو سینا نے انتخابات سے پہلے وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر ایک معاہدہ کیا تھا اور اس کے بعد ہی ہم انتخاب کے لیے اتحاد بنا کر آگے بڑھے تھے۔‘‘
سنجے راؤت کے اس بیان سے واضح ہو گیا ہے کہ اگر بی جے پی کی جانب سے نتن گڈکری کوئی نئی تجویز لے کر آتے ہیں تو شیو سینا اس پر حامی نہیں بھرے گی۔ ان کے اس بیان سے یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ شیوسینا وزیر اعلیٰ عہدہ کو لے کر کوئی معاہدہ نہیں کرنے جا رہی ہے۔
خبروں کے مطابق شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان کھڑی دیوار کو ختم کرنے کی ایک بار پھر کوششیں تیز ہو گئی ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ آج شیوسینا کے ساتھ مرکزی وزیر نتن گڈکری میٹنگ کر سکتے ہیں، خبروں میں کہا گیا ہے کہ سنگھ نے بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان جھگڑے کو حل کرنے کے لئے گڈکری کو كمان سونپی ہے، ایسا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ گڈکری نہ صرف بی جے پی کی جانب سے تجویز رکھیں گے، بلکہ شیوسینا کے رہنماؤں کو سمجھانے کی بھی کوشش کریں گے۔
اس سے پہلے شیوسینا نے سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کو خط لکھ کر معاملہ کو حل کرنے اور ثالثی کے لئے نتن گڈکری کو ذمہ داری سونپنے کی بات کہی تھی، وہیں دیویندر فڑنویس نے بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ جلد ہی مہاراشٹر میں حکومت بن جائے گی، اس کے بعد منگل دیر شام دیویندر فڑنویس نے پارٹی کور کمیٹی کی میٹنگ بلائی اور پھر براہ راست سنگھ کی پناہ میں جا پہنچے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔