ممبئی رام نومی فساد کیس: ہائی کورٹ کا پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ رکھنے کا حکم
درخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ اسے کیس میں جھوٹا پھنسایا گیا ہے جبکہ اس وقت وہ بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں پولیس کی مدد کر رہا تھا
ممبئی: بامبے ہائی کورٹ نے ممبئی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ رام نومی تہوار کے دوران مالوانی علاقے میں 30 مارچ کو ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ رکھے۔ جسٹس ریوتی موہتے ڈیرے اور جسٹس منجوشا دیش پانڈے کی ڈویژن بنچ نے سنیچر (28 جنوری) کو سماجی کارکن محمد جمیل مرچنٹ کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ ’’اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی-زون XI) اجے کمار بنسل کی جانب سے ایک حلف نامہ داخل کیا ہے۔ مذکورہ حلف نامے سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ 9 اگست 2023 کے حکم کے مطابق متعلقہ سی سی ٹی وی فوٹیج اکٹھا کر لی گئی ہیں۔ مذکورہ حلف نامے کے جواب میں پنچنامہ / سیکشن 65بی سرٹیفکیٹ منسلک ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ سی سی ٹی وی فوٹیجز اچھی حالت میں ہیں اور کچھ اچھی حالت میں نہیں ہیں۔ عدالت نے سی سی ٹی وی ویڈیو اور آڈیو فوٹیج پر سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کے پیش نظر درخواست گزار کو آزادانہ درخواست دائر کرنے کی بھی اجازت دی۔
یہ بھی پڑھیں : رام مندر کے بعد یکساں سول قانون
اس کیس میں ملزم بنائے گیے جمیل مرچنٹ کا دعویٰ ہے کہ انہیں کیس میں جھوٹا پھنسایا گیا ہے جبکہ اس وقت وہ بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں پولیس کی مدد کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں دکھا رہی ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ یہ میری بے گناہی کا ثبوت ہے۔‘‘ جمیل مرچنٹ نے کہا کہ ’’پہلے دن سے مجھے یقین ہے کہ میں بے قصور ہوں اور مجھے پھنسایا جا رہا ہے۔ اب چیزیں مزید واضح ہو گئی ہیں کہ ایسا کیوں ہوا۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : یہ گاندھی نہیں مودی کا رام راج ہے!
جمیل مرچنٹ نے اپنی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ ’’پولیس نے کسی اور وجہ سے فوٹیج شیئر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔‘‘ انہوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ’’فوٹیج کو ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے اس لیے عدالت سے انہوں نے اسے محفوظ رکھنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی۔ جمیل مرچنٹ نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ پولیس نے ان کے خلاف سازش رچی اور ان کا نام ایف آئی آر میں شامل کیا۔‘‘ جمیل نے ممبئی کے سرپرست وزیر منگل پربھات لودھا، جوائنٹ پولیس کمشنر ستیہ نارائن چودھری اور ایڈیشنل پولیس کمشنر (شمالی زون) راجیو جین، ڈپٹی کمشنر آف پولیس اجے بنسل اور مالونی پولیس اسٹیشن کے خلاف بامبے ہائی کورٹ، مہاراشٹر لوک آیکت اور انسانی حقوق کمیشن میں شکایتیں درج کرائی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔