ممبئی: حاجی علی کی درگاہ میں دنیا کے بلند ترین پول پر قومی پرچم لہرانے کا منصوبہ
ممبئی کے ساحل کے نزدیک بحر عرب میں واقع مشہور حاجی علی درگاہ کے ٹرسٹی دنیا کا بلند ترین پول نصب کرنے اور اس پر قومی پرچم لہرانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں
ممبئی: ممبئی کے ساحل کے نزدیک بحر عرب میں واقع مشہور حاجی علی درگاہ کے ٹرسٹی دنیا کا بلند ترین پول نصب کرنے اور اس پر قومی پرچم لہرانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ درگاہ کمیٹی کے چیف سکریٹری سہیل کھنڈوانی نے یہ اعلان کیا۔ فی الحال درگاہ کی تزئین و آرائش جاری ہے وہ پرچم کشائی کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سہیل کھنڈوانی نے مزیدکہا کہ اس منصوبے پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔ اُن کے مطابق اس وقت قاہرہ (مصر) میں 201.952 میٹر بلند پول پر پرچم لہرایا گیا ہے جوکہ دنیا کا سب سے اونچا پول ہے۔ جبکہ دسمبر 2021 تک دنیا کا سب سے بلند پرچم جدہ (سعودی عرب) میں تھا، جس کی اونچائی 171 میٹر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے دیویندر فڈنویس سے اس وقت بات کی تھی جب وہ مہاراشٹرمیں وزیر اعلیٰ تھے اور اب وہ نائب وزیر اعلی ہیں۔ انہیں حاجی علی درگاہ کے احاطے میں دنیا کا سب سے اونچے پرچم کے کھمبے پر ہندوستان کا قومی پرچم لہرانے کا خیال پسند آیا تھا۔ سہیل کھنڈوانی نے حال میں فڈنویس کو اس کی یاددہانی کرائی اور انہوں نے اس منصوبہ کو منظوری فراہم کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بڑے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے کئی ایجنسیوں کو شامل کیا جائے گا کیونکہ سمندر میں واقع درگاہ کے احاطے میں پرچم کے کھمبے کے لیے بھاری رسد کی ضرورت ہوگی۔ واضح رہے کہ مزار ساحل سے کچھ فاصلے پر سمندر میں ایک چھوٹے سے جزیرے پر واقع ہے اور ایک پختہ راستے کے ذریعے رسائی حاصل ہے۔ حاجی علی مقدس ترین مقامات میں سے ایک ہے اور شہر کے مشہور سیاحتی مقام میں اہمیت کا حامل ہے۔ تمام مذاہب، مسلک اور فرقے سے تعلق رکھنے والے شہری یہاں زیارت کے لیے آتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔