مالیگاؤں بم دھماکہ: بامبے ہائی کورٹ کا کرنل پروہت کی عرضداشت پر سماعت سے انکار

بامبے ہائی کورٹ کی بنچ جسٹس ساونت اور جسٹس جمعدار کے روبرو یو اے پی اے قانون کے اطلاق کے خلاف داخل اپیل پر سماعت متوقع تھی لیکن عدالت نے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ ابھی ان کے پاس وقت نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے آج یہاں لفٹنٹ کرنل شریکانت پروہت کی عرضداشت پر فوری سماعت کرنے انکار کردیا جس سے بھگواء ملزم کو زبردست جھٹکا لگا کیوں نچلی عدالت نے سرکاری گواہوں کے بیانات کا اندراج شروع کردیا ہے نیز اسی درمیان جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی جانب سے داخل مداخلت کار کی عرضداشت کو سماعت کے لئے منظورکرلیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق بامبے ہائی کورٹ کی دورکنی بنچ جسٹس ساونت اور جسٹس جمعدار کے روبرو یو اے پی اے قانون کے اطلاق کے خلاف داخل اپیل پر سماعت متوقع تھی لیکن عدالت نے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ ابھی ان کے پاس وقت نہیں ہے۔ اسی درمیان متاثرین کی نمائندگی کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے وکیل شاہد ندیم نے عدالت سے گزارش کی کہ اسی معاملے میں کرنل پروہت کی عرضداشت کی مخالفت کرنے کے لئے متاثرین کی جانب سے مداخلت کار کی عرضداشت داخل کی گئی جسے کرنل پروہت کی پٹیشن کے ساتھ ٹیگ (منسلک) کیا جائے اور اس کی بھی سماعت ساتھ میں کی جائے جسے عدالت نے منظور کرلیا اور عدالتی اہلکاروں کو حکم دیا کہ معاملے کی اگلی سماعت یعنی کے 13؍ دسمبر کو ان تمام عرضداشتوں کی سماعت ایک ساتھ کی جانے کے اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں خصوصی عدالت نے ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، کرنل شری کانت پروہت، میجر رمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجے راہیکر، سدھاکر دیویدی، سدھاکر چترویدی کے خلاف یو اے پی اے قانون کے تحت چارج فریم کرکے مقدمہ کی باقاعدہ سماعت شروع کیے جانے کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد کرنل پروہت نے نچلی عدالت کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، ایک جانب جہاں ہائی کورٹ نے اس کی اپیل سماعت کے لئے قبول کرلی تھی وہیں ٹرائل پر اسٹے دینے سے صاف انکار کردیا تھا۔

اسی درمیان آج نچلی عدالت میں بم دھماکوں میں شہید ہونے والے محمد ہارون نامی شخص کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے والے مالیگاؤں کے این ایم واڈیا دواخانے کے ڈاکٹر ایل این چوہان کی گواہی عمل میں آئی جس سے وکیل استغاثہ اویناس رسال اور ملزم سوامی دھر دویدی کے وکیل سامبرے نے جرح کی۔ آج کی عدالتی کارروائی کے اختتام کے بعد خصوصی عدالت کے جج ونود پڈالکر نے استغاثہ کو کل دوسرے سرکاری گواہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Dec 2018, 5:09 PM