ممبئی باغ: سی اے اے مخالف 300 سے زیادہ مظاہرین کے خلاف ایف آئی آر درج

ممبئی میں شہریت قانون کو لیکر خواتین کی جانب سے جاری احتجاج کے منتظمین کے خلاف مقامی ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن میں میونسپل افسران کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: عروس البلاد ممبئی میں شہریت قانون کو لیکر خواتین کی جانب سے جاری احتجاج کے منتظمین کے خلاف مقامی ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن میں میونسپل افسران کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ناگپاڑہ پولیس نے یہ مقدمہ ’ممبئی باغ‘ کے منتظمین کے خلاف ای وارڈ کی اسسٹنٹ میونسپل کمشنر الکا سمادھان سسنے کی شکایت پر تعزیرات ہند کی دفع 341، 34، میونسپل قانون کی دفع 313،314 اور کریمنل امینڈمنٹ ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کیا ہے ۔

جن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ قابل ضمانت ہے اور تعزیرات ہند کی دفع 341 کے مطابق سرکاری کاموں میں رخنہ اندازی ڈالنے کے جرم میں کم از کم جرمانہ پانچ سو روپیہ ہے یا پھر ایک ماہ کی سادی سزا تجویز کی جا سکتی ہے ۔ میونسپل افسر نے اپنی شکایت میں یہ کہا ہے کہ ممبئی شاہین باغ مورلینڈ روڈ کی جس سڑک پر جاری ہے اس کا کام چالو ہے نیز مزدوروں کو کام کرنے میں خلل پڑ رہا ہے ساتھ ہی ساتھ ٹرافک کا بھی مسئلہ ہو گیا ہے۔

ممبئی باغ: سی اے اے مخالف 300 سے زیادہ مظاہرین کے خلاف ایف آئی آر درج

ناگپاڑہ پولیس نے جو ایف آئی آر درج کی ہے اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خواتین نے روڈ پر لکڑی کا ایک اسٹیج تعمیر کیا ہے اور کرسیاں رکھ کر وہ غیر قانونی طریقے سے 26 جنوری کی رات سے احتجاج کر رہی ہیں جو کہ اب تک جاری ہے۔

پولیس نے مقدمہ نامعلوم منتظمین کے خلاف درج کیا ہے لیکن شکایت کے اندراج کے بعد اب مقامی پولیس احتجاجیوں کے خلاف متحرک ہوتی دکھلائی دے رہی ہے کیونکہ جس مقام پر احتجاج کیا جا رہا ہے اس کے دونوں داخلی دروازوں پر خواتین پولیس کا دستہ تعینات ہے اور احتجاج میں آنے والی خواتین سے ان کا موبائل نمبر اور دیگر شناخت دریافت کر رہی ہے۔

کل نصف شب جب آگریپاڑہ پولیس اسٹیشن کی ایک خاتون افسر نے ایک برقعہ پوش خاتون سے اس کا موبائل نمبر دریافت کیا تو نہ صرف اس نے اپنا موبائل نمبر دیا اور اپنا آدھار کارڈ بھی پولیس افسر کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ اس کی بھی تصویر اتار لی جائے نیز وہ اس قسم کے دباؤ سے خوف زدہ ہونے والوں میں سے نہیں ہے ۔


ذرائع کے مطابق ممبئی شاہین باغ کے چند منتظمین نے گزشتہ کل ایک تحریری بیان جاری کیا تھا جس کے تحت انہوں نے خواتین سے درخواست کیا تھا کہ وہ اپنے اس احتجاج کو ختم کر دیں کیونکہ مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں شہری ترمیم قانون نافذ کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔

ذرائع نے یہ بھی بتلایا ہے کہ حالانکہ خواتین بضد ہیں کہ جب تک سیاہ قانون کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں عمل میں آتا ہے تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا لیکن آثار یہ نظر آ رہے ہیں کہ ممبئی شاہین باغ جلد ہی ختم ہو جائے گا ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔