ممبئی: جامع مسجد میں منعقدہ ٹیکہ کاری کیمپ کے دوران بڑی تعداد میں غیر مسلم افراد کی ٹیکہ کاری

جامع مسجد ٹرسٹ نے مسلم طبقے میں کورونا ویکسین کے متعلق پھیلی غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے تین روزہ ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔

جامع مسجد ممبئی / تصویر محی الدین التمش
جامع مسجد ممبئی / تصویر محی الدین التمش
user

محی الدین التمش

ممبئی: ممبئی کی جامع مسجد میں کورونا ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے توسط سے منعقد تین روزہ ٹیکہ کاری پروگرام میں سیکڑوں افراد نے کورونا کا مدافعتی ٹیکہ لگوایا۔ ممبئی کے کرافورڈ مارکیٹ علاقے میں واقع جامع مسجد کے احاطے میں منعقد کورونا ٹیکہ کاری کیمپ میں کافی غیر مسلم ضرورت مندوں نے بھی بڑی تعداد میں کورونا کا مدافعتی ٹیکہ لگوایا۔

ممبئی: جامع مسجد میں منعقدہ ٹیکہ کاری کیمپ کے دوران بڑی تعداد میں غیر مسلم افراد کی ٹیکہ کاری

مسلم طبقے میں کورونا ویکسین کے متعلق پھیلی غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے ممبئی جامع مسجد ٹرسٹ نے تین روزہ ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔ مسلم طبقے میں ٹیکہ کاری کے متعلق غلط فہمیوں کی بناء پرکئی لوگ ٹیکہ کاری سے محروم تھے۔ مفتیان اکرام اور اسلامک اسکالر سے مشورے اور کورونا ٹیکے کی شرعی حیثیت جاننے کے بعد جامع مسجد ٹرسٹ نے ویکسینیشن ڈرائیو چلانے کا فیصلہ کیا۔ 8 دسمبر کو جامع مسجد کے احاطے میں ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تین روزہ کیمپ میں تقریباً ساڑھے پانچ سو ساٹھ سے زیادہ افراد نے کووڈ شیلڈ اور کوویکسین کا ٹیکہ لگوایا۔


جامع مسجد کے ٹرسٹی شعیب خطیب نے کہا کہ لوگوں میں ویکسین کے متعلق کافی غلط فہمیاں پھیلی ہوئی ہیں۔ کوئی کہتا ہے کہ ویکسین لینے کے بعد طبعیت میں بگاڑ پیدا ہو جاتا ہے، کوئی کہتا ہے کہ بیماری میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ جامع مسجد ٹرسٹ نے ویکسین کے متعلق الگ الگ وہم و گمان میں مبتلا افراد کی صحیح رہنمائی کے لئے کووڈ ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔ تین روزہ کیمپ میں تقریباً ساڑھے چھ سو سے زیادہ افراد نے کورونا کا ٹیکہ لگوایا، پہلے روز 150 افراد نے ٹیکہ لیا دوسرے روز 160 اور تیسرے روز 242 افراد نے کوویکسین اور کووڈشیلڈ کا ٹیکہ لگوایا تھا۔ شعیب خطیب نے بتایا کہ جامع مسجد ٹرسٹ کے ذریعے منقعد کئے گئے اس تین روزہ ٹیکہ کاری مہم میں تقریباً چالیس کے قریب غیرمسلم افراد نے مسجد میں آکر ٹیکہ لگوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامع مسجد کے اطراف کا علاقہ کاروباری علاقہ ہے۔ اس علاقے میں بڑی تعداد میں مزدور پیشہ افراد کام کرتے ہیں ان میں بڑی تعداد غیرمسلم مزدوروں کی ہے، جو یوپی، بہار اور دیگر علاقوں سے آتے ہیں۔

کرافورڈ مارکیٹ علاقے میں مزدوری کرنے والے نوجوان سوریہ پربھان نامی نوجوان جو جامع مسجد میں ویکیسن لینے کی غرض سے آیا تھا اس نے بتایا کہ وہ کرافورڈ مارکیٹ علاقے میں مزدوری کرتا ہے۔ اس نے ایک ویکسین گاؤں میں لگوائی تھی، لیکن دوسری ویکسین لینے کا موقع نہیں مل رہا تھا اب دوسری ویکسین بھی جامع مسجد میں پوری ہوگئی ہے۔ ’سندھو جادھو نامی نوجوان نے بتایا کہ وہ پہلی ویکسین لینے کے لئے جامع مسجد آیا ہے۔ اسے اس بات کی خوشی ہے کہ اس کی پہلی ویکسین جامع مسجد میں مکمل ہوگئی ہے۔ جامع مسجد ٹرسٹ نے اس سے قبل محمدیہ اسکول میں تین روزہ ویکسین کیمپ کا انعقاد کرچکی ہے۔ جس میں تقریباً بارہ ہزار سے زیادہ افراد نے ویکسین لگوائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔