ممبئی: بزنس میں مسلسل ہو رہے نقصان اور قرض سے پریشان تاجر نے گولی مار کر خودکشی کی
بھنڈی بازار علاقے میں امین بلڈنگ کی پہلی منزل پر ہوئی اس واردات پر پولیس اے ڈی آر کے تحت معاملہ درج کرکے تفتیش کر رہی ہے۔
ممبئی میں جمعہ کی رات 52 سالہ اقبال محمد سیوانی نامی تاجر نے اپنے دفتر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔ اس سلسلے میں جے جے مارگ پولیس اسٹیشن نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ رات میں تقریباً 8 بجے بھنڈی بازار علاقے میں امین بلڈنگ کی پہلی منزل پر یہ واردات پیش آئی۔ حادثہ کے وقت دفتر کے دوسرے ملازم بھی وہاں موجود تھے۔ شروعاتی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ اقبال محمد بزنس میں لگاتار ہو رہے نقصان اور قرض سے کافی پریشان تھے جس کی وجہ سے انہوں یہ قدم اٹھایا۔
پولیس نے بتایا کہ وہ ابھی اس سلسلے میں مزید تفتیش کر رہی ہے کہ خودکشی کی اصل وجہ قرض کا ہی معاملہ تھا یا کسی دیگر وجہ سے یہ ناخوشگوار حادثہ پیش آیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے دفتر سے اس اسلحہ کو بھی قبضہ میں لے لیا ہے جس سے اقبال محمد سیوانی نے خود کو گولی ماری تھی۔ پولیس نے اس معاملے پر اے ڈی آر کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔