مکل رائے کی اہلیہ کرشنا رائے کا انتقال، ممتا بنرجی نے گھر پہنچ کر کی تعزیت

ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’مکل میرے طویل عرصے سے ساتھی ہیں۔ میں ان کے کنبہ کو ذاتی طور پر جانتی ہوں۔ میں ان کی اہلیہ کو جانتی تھی۔ میں ان کی فیملی سے کئی بار مل چکی ہوں۔‘‘

مکل رائے کے ساتھ کرشنا رائے کی فائل تصویر
مکل رائے کے ساتھ کرشنا رائے کی فائل تصویر
user

یو این آئی

کولکاتا: گزشتہ دنوں بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہوئے قدآور لیڈر مکل رائے کی اہلیہ کرشنا رائے کا آج طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ ممتا بنرجی نے آج سہ پہر مکل رائے کی رہائش گاہ سالٹ لیک پہنچ کر مکل رائے اور ان کے اہل خانہ کے دیگر افراد سے تعزیت کی۔ کرشنا رائے کی موت کی خبر آنے کے بعد وزیر اعلی مکل رائے کے گھر سہ پہر ساڑھے تین بجے پہنچیں۔ وہ وہاں قریب آدھے گھنٹے تک رکیں اور مکل رائے سے بھی دیر تک بات کی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’مکل میرے طویل عرصے سے ساتھی ہیں۔ میں ان کے کنبہ کو ذاتی طور پر جانتی ہوں۔ میں ان کی اہلیہ کو جانتی تھی۔ میں ان کی فیملی سے کئی بار مل چکی ہوں۔ جب ان کی والدہ زندہ تھیں تو میں نے ان کی ماں سے بھی ملاقات کی تھی۔ سب نے سوچا تھا کہ ان کی اہلیہ کرشنا ٹھیک ہوجائیں گی، مگر ایسا نہیں ہوسکا۔‘‘ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی لاش صبح سات بجے چنئی سے آئے گی۔وہاں سے ان کی لاش کچرا پاڑہ جائے گی۔


خاندانی ذرائع کے مطابق صبح 5 بج کر 15 منٹ پر چنئی کے ایک اسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے کرشنا رائے کا انتقال ہوگیا۔ میت کو بروز بدھ کولکاتا لایا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ مکل رائے کی اہلیہ کو کورونا انفیکشن کے باعث 11 مئی کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ونٹلیشن پر رہنے کے بعد تقریباً 2 ہفتہ انھیں کولکاتا واقع ایک اسپتال میں رکھا گیا، اور پھر بعد میں انہیں چنئی منتقل کیا گیا تھا۔ چنئی میں ان کے پھیپھڑوں کو ٹرانسپلانٹ کیا جانا تھا، لیکن پیچیدگی بڑھتی چلی گئی اور بالآخر آج صبح ان کا انتقال ہوگیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔