مکل رائے کو مرکزی ایجنسیوں نے خوف دلا کر بی جے پی میں شامل کیا تھا: ممتا بنرجی

ترنمول کانگریس میں شمولیت کے بعد مکل رائے نے کہا کہ وہ جلد ہی تحریری بیان جاری کر کے ظاہر کریں گے کہ ترنمول چھوڑ کر بی جے پی میں کیوں شامل ہوئے تھے اور اب پھر ترنمول میں واپس کیوں آئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی کے قومی نائب صدر مکل رائے کی گھر واپسی سے بہت خوش ہیں۔ انھوں نے مکل رائے اور ان کے بیٹے سبھرانشو رائے کو آج اپنی موجودگی میں دوبارہ ترنمول کانگریس میں شامل کیا۔ بعد ازاں انھوں نے کہا کہ ’’گھر کا بیٹا اپنے گھر لوٹا ہے۔‘‘ ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ ’’مکل رائے ہمارے پرانے ساتھی رہے ہیں اور ہم پرانے دن کی طرح مل کر کام کریں گے۔‘‘

ممتا بنرجی نے مکل رائے کی بی جے پی میں شمولیت کو لے کر مرکزی جانچ ایجنسیوں پر بڑا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ مکل رائےکو مرکزی جانچ ایجنسیوں کا خوف دلاکر بی جے پی میں شامل کرایا گیا تھا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ مکل رائے ناردا اسٹنگ آپریشن میں ماخوذ ہیں۔ تاہم اس موقع پر مکل رائے نے کہا کہ ’’میں اپنے گھر آکر خوشی محسوس کررہا ہوں اور اپنے پرانے ساتھیوں سے ملاقات بھی ہوئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ ممتا بنرجی کی قیادت میں بنگال ترقی کررہا ہے۔جلد ہی میں تحریری بیان جاری کر کے ظاہر کروں گا کہ میں ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں کیوں شامل ہوا تھا اور اب پھر ترنمول کانگریس میں واپس کیوں آیا ہوں۔‘‘


بہر حال، اس موقع پر ممتا بنرجی نے کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ مکل رائے نے اسمبلی انتخابات کے دوران ہمارے خلاف کچھ بھی توہین آمیز باتیں نہیں کہی ہے۔ ہم ان انتہا پسندوں کو قبول نہیں کریں گے جنہوں نے شدت اور توہین آمیز طریقے سے ہمارے خلاف باتیں بولی تھیں۔ مکل رائے کا ترنمول کانگریس میں خیرم مقدم کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ ’اولڈ از گولڈ‘۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ترنمول کانگریس میں مکل رائے کا کیا رول ہوگا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا اور کہا کہ مکل رائے بی جے پی کے قومی نائب صدر تھے مگر اس کے باوجود وہ اس کردارسے مطمئن نہیں تھے۔

ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی اور بی جے پی چھوڑ کر ترنمو ل کانگریس میں شامل ہونے اور مکل رائے کی آئیڈیولوجی سے متعلق سوال پوچھے جانے پر ممتا بنرجی نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئیڈیو لوجی پر سوال کوئی نہیں پوچھ سکتا ہے۔ یہ سوال اس وقت کیوں نہیں پوچھا گیا جب ہمارے لوگوں کو توڑا جارہا تھا۔ مکل رائے سے متعلق ممتا بنرجی نے کہاکہ انہوں نے عین انتخابات کے موقع پر پارٹی کے ساتھ غداری نہیں کی ہے۔ انتخابات کے دوران بھی انہوں نے ترنمول کانگریس اور خود ان سے متعلق کوئی ناخوشوگوارباتیں نہیں کہی ہیں ۔مگر جن لوگوں نے غداری کی، پارٹی کو نقصان پہنچایا ان کےلئے ترنمول کانگریس کے دروازے بند ہیں ۔تاہم ممتا بنرجی نے اشارہ دیا کہ جن لوگوں نے مکل رائے کے ساتھ پارٹی چھوڑی تھی ان کی واپسی ہوسکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔