'بی جے پی کا مطلب ہے بھارت جلاؤ پارٹی': بیگو سرائے میں گرجے مکیش ساہنی

مکیش ساہنی نشاد ریزرویشن سنکلپ یاترا کے دوران بیگوسرائے پہنچے جہا ں پر انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر شدید حملہ کیا اور چالیس ارکان اسمبلی جیتنے کا دعویٰ کیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیر مکیش ساہنی نے بی جے پی پر شدید حملہ کیا ہے۔ دو نومبر کو انہوں نے بیگوسرائے میں کالی پوجا کی تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران مکیش ساہنی نے کہا کہ بی جے پی نفرت کی سیاست کرتی ہے اور لوگوں کو توڑنے کا کام کرتی ہے، وہیں ہم سماج کو جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔  ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کا کام کریں گے۔

مکیش ساہنی 'نشاد ریزرویشن سنکلپ یاترا' کے دوران بیگوسرائے پہنچے تھے۔ عوام کو خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر لوگ بی جے پی کے ساتھ گئے تو آنے والی نسلیں برباد ہو جائیں گی۔ بی جے پی کو 'بھارت جلاؤ پارٹی' بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’ آج یہ ہندوؤں کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ‘انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس والے کبھی نہیں چاہتے کہ غریب، پسماندہ اور دلت آگے بڑھیں۔ وہ انہیں غلام بنا کر رکھنا چاہتے ہیں۔


مکیش ساہنی نے مزید کہا، "ہم اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب ہم اپنا مقصد حاصل کر لیں گے۔ کچھ دن پہلے تک کسی کو نشاد برادری کے بارے میں پتہ تک نہیں تھا، لیکن اس جدوجہد کے ذریعہ ہم نے اپنی پہچان بنائی ہے۔"

بیگوسرائے میں منعقدہ تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مکیش ساہنی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں ہمارے چار ایم ایل اے منتخب ہوئےتھے۔ اس بار یعنی اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ہمارے چالیس ارکان اسمبلی جیتیں گے ۔ جب زیادہ ایم ایل اے ہوں گے تو حکومت میں زیادہ حصہ داری ہوگی اور جب زیادہ حصہ داری ہوگی تو زیادہ  مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ متحد رہیں گے تو ہی مضبوط ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔