شیو راج حکومت میں 450 کروڑ روپے کا شجرکاری گھوٹالہ، جانچ کا حکم

کمل ناتھ حکومت نے بی جے پی کی شیو راج حکومت کے وزراء اور افسران کے خلاف مبینہ شجرکاری گھوٹالہ میں جانچ کے احکام جاری کیے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

قریب دو سال پہلے نرمدا ندی کے کنارے اس وقت کی شیو راج سنگھ چوہان کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے ایک دن میں 7 کروڑ پودھے لگوائے تھے۔ کمل ناتھ حکومت میں وزیر جنگلات امنگ سنگھار نے اس پورے معاملہ کو 450 کروڑ روپے کا گھوٹالہ قرار دیا ہے۔ وزیر موصوف نے اکنامک آفینس ونگ (ای او ڈبلو) کو خط لکھ کر اس معاملہ میں اس وقت کے وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان، اس وقت کے وزیر جنگلات گوری شنکر سیجوار اور جنگلات کے کچھ اعلی افسران کے خلاف جانچ کرانے کا حکم دیا ہے۔


واضح رہے یہ شجرکاری کا پروگرام 2 جولائی 2017 کو منعقد ہوا تھا اور اس پروگرام کے تحت1.21 لاکھ مقامات پرمختلف سرکاری محکموں نے شجر لگائے تھے۔ اس وقت کے وزیر اعلی شیو رج سنگھ چوہان کا کہنا تھا کہ یہ کوشش گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ دلائے گی۔ بی جے پی حکومت نے دعوی کیا تھا کہ محکمہ جنگلات، دیہاتی ترقی اور زراعات کے محکمے اس شجرکاری مہم میں شامل تھے۔


مدھیہ پردیش کے وزیر امنگ سنگھار نے کہا اس پروگرام کے بعد نہ تو عالمی ریکارڈ بک میں کوئی جگہ ملی اور نہ ہی اس سلسہ میں کی گئی سرکاری خط وکتابت کا کوئی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا شجرکاری کرنے میں وقت لگتا ہے اور یہ ایک دن کا کام نہیں ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ افسران اس معاملہ میں گمراہ کرنے کی کوش کر رہے ہیں اور اس کے ذریعہ اپنے کچھ لوگوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

واضح رہے 24 اضلاع میں صبح 7 بجے سے لے کر شام 7 بجے تک یہ شجرکاری مہم چلائی گئی تھی اور اس وقت کے عوامی رابطہ کے افسر نے کہا تھا کہ اس شجرکاری مہم کے دوران کئی مقامات پر گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے کچھ عہدیدار بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔