یوگی کے دفتر کے باہر دبنگوں سے عاجز ماں-بیٹی نے خود کو لگائی آگ
وزیر اعلیٰ دفتر کے باہر ایک ماں-بیٹی کے ذریعہ خود کو نذرِ آتش کیے جانے کا دل دہلا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دراصل ماں-بیٹی کو کچھ دبنگ پریشان کر رہے تھے اور ان کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی تھی۔
اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں وزیر اعلیٰ دفتر لوک بھون کے سامنے جمعہ کی شام امیٹھی سے آئی ایک ماں-بیٹی نے آگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ موقع پر موجود پولس اہلکاروں نے کسی طرح کنبل ڈال کر آگ پر قابو پایا اور دونوں کو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ واقعہ میں دونوں بری طرح جھلس گئی ہیں۔ ماں کی حالت انتہائی سنگین بتائی جا رہی ہے۔
خبروں کے مطابق متاثرہ ماں-بیٹی امیٹھی کی رہنے والی ہیں جن کا گاؤں کے کچھ دبنگوں کے ساتھ گزشتہ کچھ دنوں سے نالی کا تنازعہ چل رہا ہے۔ لکھنؤ کے ڈی سی پی سنٹرل دنیش سنگھ نے بتایا کہ ماں-بیٹی امیٹھی کے جامو تھانہ حلقہ کی رہنے والی ہیں اور ان کا نام صوفیہ اور گڑیا ہے۔ واقعہ میں ماں صوفیہ 80 سے 90 فیصد تک جل گئی ہے جب کہ بیٹی گڑیا 10 سے 20 فیصد جلی ہے۔ ڈی سی پی سنٹرل نے بتایا کہ دونوں کا علاج چل رہا ہے۔
پولس سے ملی جانکاری کے مطابق گڑیا کا الزام ہے کہ گاؤں میں کچھ دبنگوں نے نالی تنازعہ میں اس کی ماں پر حملہ کر دیا تھا۔ احتجاج کرنے پر دبنگوں نے اس کی بھی پٹائی کر دی تھی۔ واقعہ کی شکایت کے لیے جب ماں-بیٹی جامو تھانہ پہنچیں تو دبنگ وہاں بھی آ گئے اور پولس کے سامنے ہی انھیں تھانہ سے باہر بھگانے لگے۔ بعد میں اعلیٰ افسران کی مداخلت پر ملزمین کے خلاف کیس درج ہو سکا۔
اس کے بعد گڑیا نے بتایا کہ دونوں جب گھر واپس آ گئیں تو دیر رات میں حملہ آور پھر ان کے گھر پہنچ گئے اور لاٹھی ڈنڈوں سے ماں-بیٹی کی پھر سے پٹائی کر دی۔ پولس کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں ہونے سے ناراض ماں-بیٹی جمعہ کی شام راجدھانی لکھنؤ پہنچیں اور لوک بھون کے سامنے دونوں نے خود کو آگ لگا لیا۔
پولس نے بتایا کہ فی الحال معاملے کی تحقیقات جاری ہے اور امیٹھی ضلع کی پولس سے رابطہ کر کے آگے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔