موربی پل حادثہ: اوریوا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جئے سکھ پٹیل نے عدالت میں کی خودسپردگی

اوریوا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جئے سکھ پٹیل کا نام ایف آئی آر میں بطور ملزم درج ہے، انھوں نے موربی کے سیشن کورٹ میں عرضی داخل کر پیشگی ضمانت کا مطالبہ کیا تھا لیکن عدالت نے خارج کر دیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>موربی پل، فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

موربی پل، فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گجرات میں پیش آئے موربی پل حادثہ معاملے میں ملزم اوریوا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جئے سکھ پٹیل نے منگل کے روز موربی واقع چیف جیوڈیشیل مجسٹریٹ کورٹ میں خودسپردگی کر دی۔ سی جے ایم کورٹ نے پٹیل کے خلاف وارنٹ جاری کیا تھا جس کے پیش نظر انھوں نے عدالت میں خود سپردگی کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال موربی میں مچھو ندی پر بنا پل گرنے سے تقریباً 135 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں گجرات پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کیا تھا جس میں اوریوا گروپ کے چار ملازمین بھی شامل تھے۔ ان میں 2 کمپنی کے منیجر ہیں اور 2 ٹکٹ کلرک۔

واضح رہے کہ اوریوا گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جئے سکھ پٹیل کا نام ایف آئی آر میں بطور ملزم درج ہے۔ انھوں نے گزشتہ 20 جنوری کو موربی کے سیشن کورٹ میں عرضی داخل کر پیشگی ضمانت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن عدالت نے اسے خارج کر دیا تھا۔


بہرحال، گجرات ہائی کورٹ بھی اس معاملے پر از خود نوٹس لے کر سماعت کر رہا ہے۔ ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ موربی سسپنشن برج کا رکھ رکھاؤ اور مینجمنٹ کرنے والی کمپنی اجنتا مینوفیکچرنگ لمیٹڈ (اوریوا گروپ) کو نوٹس جاری کیا تھا۔ اس کارروائی میں کمپنی کو مدعا علیہ بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عرضی دہندہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی کو حادثے سے ہوئے نقصان کی ادائیگی کے لیے ذمہ دار بنایا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔