موربی پل حادثہ: ’خدا کی مرضی تھی ایسا حادثہ ہوا، منیجر  دیپک پاریکھ کا بیان

اوریوا کمپنی کے منیجر دیپک پاریکھ نے عدالت کو بتایا کہ یہ خدا کی مرضی تھی کہ ایسا حادثہ پیش آیا۔

موربی پل، تصویر آئی اے این ایس
موربی پل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

گجرات کے موربی میں 30 اکتوبر کو پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے پولیس نے مقامی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ تفتیشی افسر اور موربی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پی اے جالا نے یکم نومبر کو عدالت کو بتایا کہ معلق پل کی تاروں کو زنگ لگا ہوا ہے اور اگر ان کی مرمت کر دی جاتی تو یہ حادثہ پیش نہ آتا۔ 

نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق اوریوا کمپنی کے منیجر دیپک پاریکھ، جو پل کی دیکھ بھال کے ذمہ دار ہیں اور گرفتار کیے گئے نو افراد میں سے ایک ہیں، نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سینئر سیول جج ایم جے خان کو بتایا کہ یہ خدا کی مرضی تھی کہ ایسا ناخوشگوار حادثہ پیش آیا۔


اتوار کو موربی کیبل پل حادثے میں جان گنوانے والوں کی تعداد 134 ہے۔ انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق، ڈی ایس پی جالا نے گرفتار کیے گئے نو میں سے چار کا 10 روزہ ریمانڈ مانگا ہے۔ جالا نے کہا، "پل تاروں پر تھا اور ان کی کوئی آئلنگ اور گریسنگ نہیں کی گئی تھی۔‘‘ جہاں کی تاریں ٹوٹیں وہ زنگ آلود ہو گئی تھیں۔ اگر وائرنگ ٹھیک کردی جاتی تو حادثہ پیش نہ آتا۔ کیا کام کیا گیا اور کیسے کیا گیا اس کے کوئی دستاویز نہیں رکھے گئے۔ جو میٹریل خریدا گیا، استعمال کیا گیا، اس کی جانچ ابھی باقی ہے۔‘‘

 رپورٹ کے مطابق سرکاری وکیل ایچ ایس پنچال نے بتایا کہ اب تک کی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ٹھیکیدار قابل انجینئر نہیں تھا اور اس نے مرمت کا کام نہیں کیا۔ ابھی تک کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پل ایلومینیم کے تختوں کی وجہ سے گرا ہوگا۔


 وکیل جی کے راول منیجر دیپک پاریکھ، دنیش بھائی مہاسکھرائے ڈیو، ٹھیکیدار پرکاش بھائی لال جی بھائی پرمار اور دیوانگ بھائی پرکاش بھائی پرمار کی جانب سے پیش ہوئے۔ راول نے عدالت کو بتایا کہ پاریکھ کا پل کی حفاظت کو یقینی بنانے میں کوئی کردار نہیں تھا۔ اس پر پاریکھ نے جج کو بتایا کہ وہ گرافک ڈیزائن کا کام دیکھ رہے ہیں اور کمپنی میں میڈیا منیجر ہیں۔ پاریکھ نے کہا، "کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سے لے کر نچلے درجے کے ملازمین تک، سب نے بہت کام کیا، لیکن خدا کی مرضی تھی کہ ایسا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔"

 استغاثہ نے کہا کہ اوریوا کے دو منیجر پل کی مرمت اور دیکھ بھال سے متعلق معاہدے کی دیکھ بھال کے انچارج تھے اور مرمت کے کام میں شامل تھے۔ وکیل دفاع نے کہا کہ پل کی فٹنس معلوم کرنے میں دونوں منیجرز کا کوئی کردار نہیں تھا۔ دریں اثناء منگل کو موربی بار ایسوسی ایشن نے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے ممبر وکلاء کی جانب سے واقعہ سے متعلق کسی بھی ملزم کا مقدمہ لڑنے سے انکار کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔