رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، ہندوستان میں پہلا روزہ کل ہوگا
رمضان المبارک سن 1441 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد ہندوستان میں پہلا روزہ کل بروز سنیچر کو ہوگا
رمضان المبارک سن 1441 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد ہندوستان میں پہلا روزہ کل بروز سنیچر کو ہو گا۔ شمالی ہندوستان کے کچھ شہروں میں مطلع ابر آلود ہونے کے سبب چاند کی رؤیت عام نہیں ہو سکی، تاہم کئی شہروں میں چاند کے نظر آنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ دہلی، پٹنہ، لکھنؤ، تلنگانہ اور جھارکھنڈ کے کئی شہروں میں چاند نظر آنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن نے اپنے اعلان میں کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں جیسے جھارکھنڈ، اڑیسہ بنگال، آسام، اترپردیش اور دیگر جگہوں پر چاند کی عام رؤیت ہوئی اس لیے مورخہ 25 اپریل 2020 بزور سنیچرماہ رمضان المبارک 1441ھ کی پہلی تاریخ شمار ہوگی۔
مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی، ریاست کرناٹک بنگلور، دار القضاء امارت شرعیہ، وجے واڑہ، آندھرا پردیش اور مرکزی چاند کمیٹی، لکھنؤ کی جانب سے چاند کی رؤیت ہونے اور ہفتہ کے روز پہلا روزہ ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔
لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے شہر میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے۔ راجستھان کی عالمی شہرت یافہ درگاہ اجمیر شریف انتظامیہ کی جانب سے ابھی چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ممبئی سے بھی چاند نظر آنے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد (تلنگانہ)، اتر پردیش اور بہار کے کئی شہروں سے چاند نظر آنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
ملک کے کچھ علاقوں کو چھوڑ کر ہندوستان کے بیشتر حصہ میں پہلا روزہ کل ہوگا۔ کیرالہ اور دکن کے کچھ ساحلی علاقوں میں خلیجی ممالک کی طرح جمعہ کو رمضان کا پہلا روزہ تھا۔ کیرالہ کے کالیکٹ کے کاپاڈ میں جمعرات کی شام چاند نظر آنے کی تصدیق ہوئی تھی جس کی بنیاد پر رمضان کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امید ظاہر کی ہے کہ رمضان پوری دنیا کی اقوام کے لیے امید اور سلامتی کی خوش خبری لے کر آئے۔
دنیا بھر میں پھیلی کورونا وباء کے پیش نظر ہندوستان بھر میں اس وقت لاک ڈاؤن جاری ہے جس کا اثر رمضان پر بھی پڑا ہے۔ مختلف علماء کرام اور حکومت کی جانب سے اپیل جاری کر کے کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کی عبادتیں مسجد کے بجائے گھر پر ہی ادا کی جائیں۔
لاک ڈاون کے سبب جمعہ کی نماز سمیت پنچ وقتہ نماز بھی مساجد میں بند ہیں لہذا تراویح بھی گھروں میں ہی ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم، علماء کرام کا کہنا ہے کہ ان حالات میں بھی جن پر فرض ہے وہ روزہ کا خلوص کے ساتھ احترام کریں اور خدا سے دعا کریں کہ دنیا کورونا کی وباء سے نجات پا جائے۔
دہلی کی جامع مسجد کے امام نے اپنے ویڈیو پیغام میں جمعرات کے روز کہا کہ لوگ بلا وجہ باہر نہ نکلیں اور رمضان کی عبادتیں گھر کے اندر ہی کریں۔ جبکہ فتح پوری مسجد کے امام مفتی مکرم احمد نے کہا کہ جو لوگ قرنطینہ میں ہیں اور روزہ رکھنے سے قاصر ہیں وہ کفارہ ادا کریں اور بعد میں روزہ رکھ سکتے ہیں۔ مفتی مکرم احمد نے کہا کہ انتظامیہ مسلم اکثریتی علاقوں میں خصوصی انتظامات کرے تاکہ لوگ سحری اور افطار کے وقت کھانے پینے کے سامان خرید سکیں۔
مولانا انیس الرحمن قاسمی نے اپنے بیان میں فرمایا کہ رمضان میں روزہ رکھنا فرض ہے اورتراویح کی نمازسنت مؤکدہ ہے، موجودہ لاک ڈاؤن کے حالات میں فرض اور تراویح کی نمازیں گھروں میں اداکریں، تراویح میں مکمل قران پڑھنایا سننا سنت ہے، اس لیے اگر حافظ قرآن ہوں تو اپنے گھر میں مکمل ختم قرآن تراویح میں کریں اور غیرحافظ سورہ فاتحہ اوردیگر چھوٹی سورتوں کے ساتھ ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ تراویح کی جماعت عام نمازوں کی طرح دوشخص سے بھی ہو سکتی ہے، بہتر ہوگا کہ سورة الفیل سے والناس تک اورسورہ فاتحہ کو اس دوران ٹھیک سے یاد کرلیں،یہ سورتیں قرآن مجید کا خلاصہ ہیں،مولانا نے کہا کہ تمام حفاظ،علما،دانشور، طلبہ، طالبات اورمردوخواتین سورہ فاتحہ اورمذکورہ دس چھوٹی سورتوں کو ترجمہ اورتفسیرکے ساتھ سمجھ کر زبانی یاد کر لیں،دوسروں کوبھی اس کی ترغیب دیں۔
بنگلہ دیش میں جمعہ کی شب سے تراویح کا آغاز
نگلہ دیش میں بھی رمضان المبارک کا چاند جمعہ کی شام کو نظر آ گیا اور تراویح کا آغاز ہو گیا، ملک میں پہلا روزہ سنیچر سے ہوگا۔ قومی رؤیت ہلال کمیٹی نے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ جمعہ کے روز بنگلہ دیش کے آسمان پر رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے۔
ایران میں بھی رمضان کے آغاز کا اعلان
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے دفتر نے 25 اپریل بروز ہفتہ کو مسلم مقدس ماہ رمضان کا پہلا دن قرار دیا ہے۔ جمعہ کے روز ایک بیان میں دفتر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں جمعرات کی رات رمضان المبارک کا نیا چاند نظر نہیں آیا، لہذا رمضان کا نیا قمری مہینہ ہفتہ سے شروع ہوگا اور سنیچر سے مسلمان روزے رکھنا شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ ایران، عراق اور عمان سمیت دیگر ممالک نے ہفتہ کو رمضان کا پہلا دن قرار دیا ہے جبہ سعودی عرب، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، مصر، سنگاپور، فلپائن اور انڈونیشیا جیسے ممالک نے جمعہ کو مقدس رمضان کے مہینہ کا پہلا دن قرار دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Apr 2020, 7:46 PM