جاسوسی معاملہ کو لے کر پارلیمنٹ میں ہنگامہ کے آثار
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں آج زبردست ہنگامہ دیکھنے کو مل سکتا ہے اوراس کی وجہ جاسوسی معاملہ پر وزیر موصوف کا راجیہ سبھا میں بیان آ سکتا ہے۔
آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ کے آثار ہیں۔ راجیہ سبھا میں آئی ٹی کےوزیر اشونی ویشنو جاسوسی معاملہ پر بیان دیں گے۔ حزب اختلاف کی سب سےبڑی پارٹی کانگریس نے اس معاملہ پر حکومت کو گھیرنےکا بڑا منصوبہ بنایا ہے۔ پیگاسس جاسوسی معاملہ کے علاوہ حکومت کے اس بیان پر بھی ہنگامہ ہو سکتا ہے، جس میں حکومت نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی دوسری لہر کے دوران آکسیجن کی کمی سےکسی کی موت نہیں ہوئی۔
کانگریس کے سینئر رہنما سچن پائلٹ نے کہا ہےکہ ’’ لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ کس ادارہ یا شخص کے ذریعہ یہ غیر قانونی فون ہیکنگ ہوئی ہے اور معلومات جمع کی گئی ہے۔ کانگریس اسے لے کر ملک گیر پیمانے پر تحریک چلائے گی اور اگر حکومت کے پاس چھپانے کے لئےکچھ نہیں ہے تو حکومت کو جانچ کرانی چاہئے۔‘‘ ساتھ میں سچن پائلٹ نے یہ بھی کہاکہ قومی سطح پر اگر بی جے پی کو کوئی چیلنج کر سکتی ہے اور اس کو ہرا سکتی ہے تو وہ کانگریس پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سب مل کر کوئی حکمت عملی بنائیں گے اور اسی کی روشنی میں مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کریں گے۔
لوک سبھا میں جاسوسی معاملہ کے علاوہ کسان معاملہ پر بھی ہنگامہ کے آثار ہیں ۔ آج جنتر منتر پر کسان مظاہرین ’کسان سنسد‘ کا احتمام کر رہے ہیں ۔ دو سو کسان آج پارلیمنٹ کے باہر یعنی جنتر متر پر کسان مخالف بلو ں کے خلاف احتجاج کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔