منی لانڈرنگ معاملہ: جیل سے باہر آئے جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، 5 ماہ پہلے ہوئی تھی گرفتاری
ہائی کورٹ نے ہیمنت سورین کی ضمانت عرضی پر اپنا فیصلہ 13 جون کو محفوظ رکھ لیا تھا، جسٹس رنگن مکھوپادھیائے کی سنگل بنچ کے ذریعہ آج جاری حکم میں انھیں 50 ہزار روپے مچلکہ پر رِہائی کی ہدایت دی گئی تھی۔
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ برسا منڈا جیل سے باہر آ گئے ہیں۔ کثیر تعداد میں ان کے حامیوں نے جیل کے باہر ان کا استقبال کیا اور انھیں لینے کے لیے کلپنا سورین (شریک حیات) بذات خود پہنچیں تھیں۔ ہیمنت سورین کی رِہائی کے بعد کی جو ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں، اس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں ان کے چاہنے والے نعرہ بازی کر رہے ہیں اور ہیمنت ہاتھ لہرا کر ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ زمین گھوٹالہ معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ یعنی ای ڈی نے ہیمنت سورین کو رواں سال 31 جنوری کو گرفتار کیا تھا۔ آج جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد ان کی رِہائی عمل میں آئی ہے۔ دراصل ہائی کورٹ نے ہیمنت سورین کی ضمانت عرضی پر اپنا فیصلہ 13 جون کو محفوظ رکھ لیا تھا۔ آج جسٹس رنگن مکھوپادھیائے کی سنگل بنچ کے ذریعہ پاس حکم میں کہا گیا ہے کہ عرضی دہندہ کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکہ اور اتنی ہی رقم کی دو ضمانت پیش کرنے کے بعد ضمانت پر رِہا کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔
جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے کارگزار صدر سورین کے سینئر وکیل ارونابھ چودھری کا اس معاملہ میں بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ کو ضمانت دے دی گئی ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ پہلی نظم میں وہ قصوروار نہیں ہیں اور ضمانت پر رِہائی کے دوران عرضی دہندہ کے ذریعہ کسی طرح کا جرم کیے جانے سے متعلق کوئی اندیشہ نہیں ہے۔ حالانکہ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران ای ڈی کے وکیل ایس وی راجو نے پولیس تھانہ میں ای ڈی افسران کے خلاف درج معاملوں کا تذکرہ کیا اور دلیل دی کہ اگر سورین کو ضمانت پر رِہا کیا جاتا ہے تو وہ اسی طرح کا جرم پھر کریں گے۔ ہیمنت سورین کے وکیل اور ای ڈی کی دلیلوں کو پوری طرح سننے کے بعد عدالت نے اپنا حکم 13 جون کو محفوظ رکھ لیا تھا، لیکن آج ان کی رِہائی کا پروانہ صادر ہو گیا۔
ہیمنت سورین کی رِہائی کے بعد کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے انھیں مبارکباد پیش کی اور جے ایم ایم لیڈران کی تو خوشی کا ٹھکانہ نظر نہیں آ رہا۔ ہیمنت کی رِہائی کے بعد جے ایم ایم کے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ کیا گیا ہے جس میں لکھا گیا ہے ’’جَن نایک ہیمنت سورین جی کو جوہار! جھارکھنڈ نہ جھکا ہے! جھارکھنڈ نہ جھکے گا۔‘‘ پوٹکا سے رکن اسمبلی سنجیب سردار نے ہیمنت سورین کی رِہائی سے متعلق ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’تکبر اور جھوٹ پر بھاری سچ ہے۔‘‘
’ٹرائبل آرمی‘ کے سوشل میڈیا ہینڈل سے بھی ہیمنت سورین کی رِہائی پر انھیں مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ ’ایکس‘ ہینڈل پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’عدالت نے پایا کہ ہیمنت سورین کو سیدھے طور پر زمین کے قبضہ سے جوڑنے کا کوئی ثبوت نہیں تھا اور ای ڈی کے اس بیان پر کہ ان کی مداخلت نے زمین پر ناجائز قبضہ کو روکا، غیر واضح تھے۔ اس لیے واضح ہے کہ نریندر مودی نے ای ڈی کی آڑ لے کر ہیمنت سورین کو تاناشاہی رویہ سے 5 ماہ تک جیل میں ڈالے رکھا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 31 جنوری کو گرفتاری سے کچھ گھنٹے قبل ہیمنت سورین نے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے جیل جانے کے بعد چمپئی سورین کو ریاست کا نیا وزیر اعلیٰ بنایا گیا تھا۔ ساتھ ہی ہیمنت سورین کی شریک حیات کلپنا سورین بھی سیاسی میدان میں سرگرم طور پر دکھائی دینے لگی تھیں۔ جے ایم ایم کی بڑی میٹنگوں میں وہ شرکت کرتی رہیں اور ساتھ ہی انڈیا بلاک کی اہم میٹنگوں میں بھی وہ شامل ہوتی رہیں۔ اب جبکہ ہیمنت سورین جیل سے رِہا ہو گئے ہیں تو ایک بار پھر جے ایم ایم مضبوطی کے ساتھ کھڑی دکھائی دے رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔