منی لانڈرنگ کیس: جموں میں 8 مقامات پر ای ڈی کے چھاپے
ای ڈی نے منگل کی صبح جموں میں سابق وزیر لال سنگھ کی اہلیہ اور سابق سرکاری آفیسر کے ذریعے چلائے جا رہے ایجوکیشن ٹرسٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے
جموں: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کی صبح جموں میں سابق وزیر لال سنگھ کی اہلیہ اور سابق سرکاری آفیسر کے ذریعے چلائے جا رہے ایجوکیشن ٹرسٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایجوکیشن ٹرسیٹ کے قیام کی خاطر زمین کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ای ڈی نے تحقیقات شروع کی ہے۔اطلاعات کے مطابق ای ڈی نے منگل کی صبح جموں ، کٹھوعہ ، پٹھان کورٹ میں آر بی ایجوکیشن ٹرسٹ کی جانب سے مبینہ بے ضابطگیوں کے بعد چھاپے مارے۔
ذرائع نے بتایا کہ آر بی ایجوکیشن ٹرسٹ کی چیرپرسن سابق وزیر لال سنگھ کی اہلیہ کانتا اندوترا ہے ۔منی لانڈرنگ کا یہ کیس اکتوبر 2021 میں درج کیا گیا اور سی بی آئی نے اس ضمن میں چار ج شیٹ بھی عدالت مجاز میں پیش کی ہے۔سی بی آئی چارج شیٹ کے مطابق ایجوکیشن ٹرسٹ کو پانچ جنوری اور سات جنوری 2011 میں 329 کنال اراضی غیر قانونی طورپر فراہم کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی کی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ ایجوکشن ٹرسٹ کو جو 329 کنال اراضی فراہم کی گئی اس کو تجارتی مقاصد کی خاطر استعمال میں لایا گیا جبکہ اس اراضی پر دہلی پبلک سکول بھی چل رہا ہے جو قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کے مطابق منگل کی صبح ای ڈی نے چیئرپرسن اور اس ایجوکیشن ٹرسٹ سے منسلک دوسرے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ اس وقت کے محکمہ مال کے آفیسران کے گھروں کو بھی کھنگالا۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک چھاپہ ماری کا سلسلہ جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔